Pakistan
اگست میں دہشت گردی کی صورتحال: حملے بڑھے لیکن جانی نقصان کم ہوا
اسلام آباد کے تھنک ٹینک پکز کی رپورٹ کے مطابق اگست میں دہشت گرد حملوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا لیکن اس کے باوجود انسانی نقصانات میں جولائی کے مقابلے میں کمی دیکھی گئی۔ سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔
اسلام آباد کے ایک تحقیقی ادارے پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کانفلکٹ اینڈ سکیورٹی سٹڈیز (پکز) کی جانب سے جاری کردہ ماہانہ سکیورٹی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اگست کے مہینے میں ملک بھر میں دہشت گرد حملوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، تاہم اس کے باوجود انسانی نقصانات میں جولائی کے مقابلے میں کمی واقع ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اگست میں کل 199 دہشت گرد حملے ریکارڈ کیے گئے جبکہ جولائی میں یہ تعداد 144 تھی، جو کہ حملوں میں 38 فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہے۔ جولائی کا مہینہ حالیہ عرصے میں تشدد کے لحاظ سے انتہائی شدید رہا تھا، لیکن اگست میں حملے بڑھنے کے باوجود جانی نقصان کم رہا۔
رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق اگست کے دوران ہونے والے 199 حملوں کے نتیجے میں 158 افراد جاں بحق اور 181 زخمی ہوئے، جبکہ جولائی میں 144 حملوں کے نتیجے میں 268 اموات اور 216 زخمی ہوئے تھے۔ اس طرح دہشت گرد حملوں کے نتیجے میں ہونے والی اموات میں 41 فیصد اور زخمیوں کی تعداد میں 16 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب سکیورٹی فورسز نے ملک بھر میں اپنی کارروائیاں جاری رکھیں جن کے نتیجے میں اگست کے دوران 211 اموات ہوئیں جن میں 203 دہشت گرد شامل تھے۔ اس کے علاوہ فورسز نے 21 دہشت گردوں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا اور 26 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا۔ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں 115، خیبر پختونخوا کے اہم اضلاع میں 56 اور ضم شدہ اضلاع میں 32 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
صوبائی سطح پر صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو بلوچستان بدستور سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ رہا جہاں حملے 83 سے بڑھ کر 89 ہو گئے۔ تاہم بلوچستان میں حملوں کے نتیجے میں اموات جولائی کے 162 سے کم ہو کر 76 رہ گئیں۔ خیبر پختونخوا کے اہم اضلاع میں حملے 36 سے بڑھ کر 54 ہو گئے لیکن جانی نقصان 69 سے کم ہو کر 44 افراد تک آ گیا۔ اس کے علاوہ سابقہ فاٹا یا ضم شدہ اضلاع میں حملوں میں 126 فیصد اضافہ دیکھا گیا جہاں حملے 23 سے بڑھ کر 52 ہو گئے، تاہم اموات کی تعداد میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔ پنجاب اور سندھ میں دو دو دہشت گرد حملے ریکارڈ کیے گئے جبکہ اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں اگست کے دوران کوئی دہشت گرد حملہ رپورٹ نہیں ہوا۔