LIVE
Loading Breaking News...

محسن رضائی کی امریکہ کو وارننگ: امریکی مفادات نشانہ بن سکتے ہیں

News Image
ایران کے اعلیٰ عہدیدار محسن رضائی نے قطری وزیر خارجہ سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تہران خطے میں امریکی شرارتوں کا منہ توڑ جواب دے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں امریکی مفادات براہ راست زد میں آ سکتے ہیں۔
ایران کے مصلحت نظام کی تشخیص کونسل کے رکن اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سابق کمانڈر محسن رضائی نے کہا ہے کہ اگر امریکہ نے خطے میں کسی قسم کی کوئی شرارت کی تو تہران کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آئے گا۔ ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق محسن رضائی نے یہ انتباہ دورۂ قطر کے دوران قطری وزیر خارجہ سے ملاقات میں دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران اپنی خودمختاری کا دفاع کرنے کے لیے تمام ضروری آپشنز استعمال کرے گا اور امریکی جارحیت کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ محسن رضائی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ خطے میں موجود امریکی فوجی موجودگی اور مفادات ایران کے ممکنہ جوابی وار کا نشانہ بن سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کی جانب سے عائد کردہ اقتصادی ناکہ بندی اور اشتعال انگیز اقدامات کا کرارا جواب دیا جائے گا۔ تہران کا مؤقف ہے کہ امریکہ خطے کے امن کو خراب کرنے کا ذمہ دار ہے اور ایران اپنے اتحادیوں اور دفاعی لائن کو مضبوط کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اس موقع پر قطری وزیر خارجہ نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی کوششوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ دوسری جانب بین الاقوامی میڈیا میں یہ خبریں بھی زیر گردش ہیں کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں ایک بار پھر اضافہ ہو رہا ہے، اور مبصرین کے مطابق فریقین کے درمیان تصادم کے خطرات کم نہیں ہوئے۔ ایرانی قانون سازوں اور فوجی حکام نے پہلے ہی یہ واضح کر رکھا ہے کہ اگر امریکہ یا اسرائیل کی جانب سے کسی بھی قسم کی فوجی مہم جوئی کی گئی تو اس کا بھرپور اور تباہ کن جواب دیا جائے گا۔ خطے کے موجودہ حالات کے تناظر میں قطری حکام کی جانب سے سفارتی سطح پر تناؤ کو کم کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔