Business
پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ، نئی ریٹ لسٹ جاری
حکومت نے جمعرات کو پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد نئی قیمتیں جمعہ سے نافذ العمل ہوں گی۔ اوگرا کو عالمی منڈی کے رجحانات کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر ایندھن کی قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔
حکومت نے جمعرات کے روز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 2.84 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2.28 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے۔ نئی قیمتوں کے نفاذ کے بعد پیٹرول اب 349 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 374.31 روپے فی لیٹر کے حساب سے فروخت ہوگا۔ پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ نئی قیمتیں جمعہ کے روز سے نافذ العمل ہوں گی۔ اس وقت بھی حکومت کی جانب سے پیٹرول پر 114 روپے فی لیٹر اور ڈیزل پر 100 روپے فی لیٹر تک ٹیکسز اور ڈیوٹیز وصول کیے جا رہے ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 3 اپریل کو اپنی بلند ترین سطح 520.35 روپے تک پہنچ گئی تھی، جو فروری کے آخر میں شروع ہونے والی کشیدگی کے بعد سے مسلسل اوپر جارہی تھی۔ دوسری جانب پٹرول کی قیمت بھی اپریل کے مہینے میں بلند ترین سطح پر دیکھی گئی تھی۔ گزشتہ ماہ پٹرولیم وزیر علی پرویز ملک نے اعلان کیا تھا کہ بین الاقوامی منڈی میں جاری اتار چڑھاؤ کے باعث اب ایندھن کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر طے کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید بتایا تھا کہ کابینہ اور وزیراعظم نے اوگرا کو عالمی مارکیٹ کے رحجانات کے تحت روزانہ کی بنیاد پر قیمتیں مقرر کرنے کی ذمہ داری سونپ دی ہے۔ پیٹرول بنیادی طور پر نجی ٹرانسپورٹ، چھوٹی گاڑیوں، رکشوں اور موٹر سائیکلوں میں استعمال ہوتا ہے، جس کی قیمتوں میں ردوبدل براہ راست متوسط اور نچلے متوسط طبقے کی جیب پر اثر انداز ہوتا ہے۔ اسی طرح ڈیزل کی قیمتوں میں تبدیلی بھی بڑے پیمانے پر عوام کو متاثر کرتی ہے کیونکہ یہ بھاری ٹرانسپورٹ، پاور پلانٹس اور بڑے جنریٹرز میں استعمال ہوتا ہے۔ پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل ملکی معیشت کے اہم ریونیو کمانے والے ذرائع ہیں جن کی ماہانہ فروخت لاکھوں ٹن تک پہنچتی ہے۔