LIVE
Loading Breaking News...

ابھی نندن وردھمان کی بھارتی فضائیہ سے ریٹائرمنٹ اور نجی ایئر لائن میں شمولیت

News Image
فروری 2019 میں پاکستان کے خلاف فضائی کارروائی کے دوران مار گرائے جانے والے بھارتی پائلٹ ابھی نندن وردھمان نے بھارتی فضائیہ سے ریٹائرمنٹ لے لی ہے۔ ابھینندن نے ریٹائرمنٹ کے بعد ایک نجی بھارتی ایئر لائن میں کمرشل پائلٹ کی حیثیت سے شمولیت اختیار کر لی ہے۔
بھارتی فضائیہ (IAF) کے وہ پائلٹ ابھی نندن وردھمان جن کا مگ 21 طیارہ فروری 2019 میں آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے دوران پاک فضائیہ نے مار گرایا تھا اور انہیں تین دن تک حراست میں رکھا گیا تھا، اب فضائیہ سے ریٹائر ہو چکے ہیں۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق گروپ کیپٹن اور ویر چکرا ایوارڈ یافتہ ابھی نندن نے 22 سالہ عسکری خدمات کے بعد اب گوا میں قائم ایک علاقائی نجی ایئرلائن ایف ایل وائی 91 (FLY91) میں کمرشل پائلٹ کے طور پر کام شروع کر دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق انہوں نے اگست کے مہینے میں اس نجی فضائی کمپنی کو جوائن کیا تھا، تاہم اس حوالے سے ابھی نندن نے خود کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا ہے جبکہ متعلقہ ایئرلائن نے بھی ملازمین کی ذاتی معلومات ظاہر کرنے سے گریز کیا ہے۔ یاد رہے کہ فروری 2019 میں مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں حملے کے بعد بھارتی فضائیہ نے بالاکوٹ میں فضائی حملہ کیا تھا جس کے جواب میں پاکستان نے لائن آف کنٹرول کے پار کارروائی کی۔ اس فضائی لڑائی کے دوران پاک فضائیہ نے بھارتی طیاروں کو نشانہ بنایا جن میں ابھی نندن کا طیارہ بھی شامل تھا جو پاکستان کی حدود میں گرا اور پائلٹ کو حراست میں لے لیا گیا۔ حراست کے دوران ابھی نندن کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں انہوں نے پاکستانی فوج کے رویے اور مہمان نوازی کی تعریف کی تھی اور اس دوران ان کا چائے کا کپ بھی کافی مشہور ہوا تھا۔ اس واقعے کے بعد کشیدگی کم کرنے کے غرض سے یکم مارچ 2019 کو پاکستان نے خیر سگالی کے جذبے کے تحت ابھی نندن کو واہگہ بارڈر کے راستے بھارت کے حوالے کر دیا تھا۔ دو سال بعد بھارتی حکومت نے انہیں ویر چکرا کے اعزاز سے نوازا تھا، تاہم اس دوران بھارت کی جانب سے یہ دعویٰ بھی کیا گیا تھا کہ ابھی نندن نے گرنے سے قبل پاکستان کا ایف 16 طیارہ مار گرایا تھا جسے پاکستان اور کئی غیر ملکی میڈیا رپورٹس نے مکمل طور پر مسترد کر دیا تھا۔