Business
پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ، نئی قیمتیں جاری
حکومت پاکستان نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں اور خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے جس سے عام صارفین پر مالی بوجھ بڑھ جائے گا۔
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 84 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (HSD) کی قیمت میں 2 روپے 28 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ اس اضافے کے بعد ملک بھر میں صارفین کے لیے ایندھن کی نئی قیمتیں نافذ العمل ہو چکی ہیں۔ وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق یہ فیصلہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ اور مشرق وسطیٰ بالخصوص امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ اقتصادی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر پیدا ہونے والی صورتحال اور رس رسد کے مسائل کے اثرات پاکستان کی معیشت اور مقامی مارکیٹ پر بھی پڑ رہے ہیں، جس کی وجہ سے حکومت کو مجبوراََ قیمتوں میں یہ ردوبدل کرنا پڑا۔ دوسری جانب، اس اضافے سے عام آدمی اور ٹرانسپورٹ کے شعبے پر مزید مالی بوجھ پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ مہنگائی کے اس دور میں ایندھن کی قیمتوں میں ہونے والے اس اضافے سے اشیائے خورونسا اور دیگر روزمرہ کی استعمال کی چیزوں کی نقل و حمل کے اخراجات بھی بڑھ سکتے ہیں، جس سے براہ راست مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ شہری حلقوں کی طرف سے اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ معاشی استحکام اور عالمی منڈی کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے یہ اقدامات ناگزیر تھے۔