LIVE
Loading Breaking News...

پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اعلان

News Image
وفاقی حکومت نے جمعہ کے روز پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 13 پیسے کمی کا اعلان کیا ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 74 پیسے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق ہفتہ 5 ستمبر سے پیر 7 ستمبر تک رہے گا۔
وفاقی حکومت نے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 13 پیسے فی لیٹر کمی کر دی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل (HSD) کی قیمت میں 3 روپے 74 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق ہفتہ 5 ستمبر سے پیر 7 ستمبر تک رہے گا۔ قیمتوں میں اس تازہ ترین ردوبدل کے بعد پیٹرول اب 345 روپے 87 پیسے فی لیٹر کی نئی قیمت پر فروخت ہوگا جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 378 روپے 05 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق حکومت اس وقت بھی پیٹرول پر 114 روپے فی لیٹر اور ڈیزل پر 100 روپے فی لیٹر کے حساب سے مختلف ٹیکسز اور ڈیوٹیز وصول کر رہی ہے۔ یاد رہے کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور عالمی منڈی کے اثرات کے بعد حکومت نے تیل کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاکہ بین الاقوامی منڈی میں ہونے والے اتار چڑھاؤ کو فوری طور پر صارفین تک منتقل کیا جا سکے۔ پیٹرول کی قیمتوں میں یہ تبدیلیاں خاص طور پر نجی ٹرانسپورٹ، چھوٹی گاڑیوں، رکشوں اور موٹر سائیکلوں کے ذریعے سفر کرنے والے متوسط اور نچلے متوسط طبقے کو براہ راست متاثر کرتی ہیں۔ دوسری جانب، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں ردوبدل بھی عامتہ الناس پر گہرے اثرات مرتب کرتی ہے کیونکہ یہ بھاری ٹرانسپورٹ کے شعبے، مال بردار گاڑیوں، پاور پلانٹس اور بڑے جنریٹرز میں بڑے پیمانے پر استعمال ہوتا ہے۔ پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل ملک کے بڑے ریونیو پیدا کرنے والے شعبوں میں شامل ہیں جن کی ماہانہ فروخت لاکھوں ٹن تک پہنچتی ہے، جبکہ مٹی کے تیل کی مانگ اس کے مقابلے میں انتہائی کم ہوتی ہے۔ حکومت اور کابینہ کے فیصلوں کے تحت اوگرا بین الاقوامی منڈی کے رجحانات کی روشنی میں قیمتوں کے حوالے سے اپنی سفارشات مرتب کرتی ہے۔