LIVE
Loading Breaking News...

بلوچستان کا امن اور خوشحالی ریاست کی ترجیح: آرمی چیف کا بیان

News Image
آرمی چیف فیلڈ مارش عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کے دورے کے دوران بلوچستان کی سورتحال اور امن عامہ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے کے عوام کی ترقی اور خوشحالی ریاستی پالیسیوں کا مرکز ہے۔
چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارش عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان کے غیور عوام کا امن، استحکام اور خوشحالی ریاست کی اولین اور اہم ترین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ کوئٹہ گیریژن کے دوران کیا۔ دورے کا بنیادی مقصد صوبے کی مجموعی اندرونی سلامتی کی صورتحال، سکیورٹی فورسز کی آپریشنل تیاریوں اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کا قریب سے جائزہ لینا تھا۔ اس موقع پر اعلیٰ عسکری قیادت نے آرمی چیف کو حالیہ پیش رفت اور فیلڈ میں جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران آرمی چیف کو صوبے میں امن و امان کی فضا کو سبوتاژ کرنے والے عناصر کے خلاف جاری آپریشنز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ فیلڈ مارش عاصم منیر نے سکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، عزم اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بلوچستان کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قربانی دینے کو تیار ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دشمن عناصر کی صوبے میں بدامنی پھیلانے کی تمام سازشیں ناکام بنا دی جائیں گی۔ آرمی چیف نے مزید کہا کہ صوبے کی پائیدار ترقی کا خواب صرف اور صرف امن اور قانون کی حکمرانی سے ہی جڑا ہوا ہے۔ حکومت اور عسکری ادارے مل کر بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں بنیادی سہولتیں فراہم کرنے، نوجوانوں کو روزگار کے مواقع دینے اور تعلیم و صحت کے شعبوں میں بہتری لانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بیرونی اشاروں پر کام کرنے والے مٹھی بھر عناصر صوبے کی ترقی کا راستہ نہیں روک سکتے اور ریاست بلوچستان کی تعمیر و ترقی کے سفر کو ہر صورت یقینی بنائے گی۔