Politics
آزاد کشمیر کابینہ میں محکموں کی تقسیم، وزیراعظم گیلانی کے پاس اہم قلمدان
آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم افتخار گیلانی نے حلف برداری کے ایک روز بعد آٹھ رکنی کابینہ میں محکموں کی تقسیم کر دی ہے۔ وزیراعظم نے فنانس، پلاننگ اور مواصلات سمیت کئی اہم محکمے تحال اپنے پاس ہی رکھے ہیں۔
مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم افتخار گیلانی نے ہفتے کے روز اپنی آٹھ رکنی کابینہ کے وزراء میں محکموں کی تقسیم کر دی ہے۔ یہ پیشرفت اس کابینہ کی حلف برداری کے ٹھیک ایک روز بعد سامنے آئی ہے، جسے نسبتاً ایک چھوٹی کابینہ قرار دیا جا رہا ہے۔ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تقرریاں اور محکموں کی تقسیم رولز آف بزنس 1985ء کے قاعدہ 3 (4) کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔ وزیراعظم افتخار گیلانی نے کئی اہم اور کلیدی محکمے تحال اپنے پاس ہی محفوظ رکھے ہیں، جس کی بنیادی وجہ پونچھ اور سدہنوتی اضلاع کی سات نشستوں پر آئندہ انتخابات اور مستقبل میں کابینہ کی ممکنہ توسیع بتائی جا رہی ہے۔ وزیراعظم کے پاس جن محکموں کا چارج رہے گا ان میں لوکل گورنمنٹ اینڈ رورل ڈویلپمنٹ، کمیونیکیشن اینڈ ورکس، فنانس اینڈ ان لینڈ ریونیو، ایگری کلچر، لائیو سٹاک اینڈ اریگیشن، انفارمیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی، اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ شامل ہیں۔ دوسری جانب کابینہ کے نوٹیفائیڈ وزراء میں محکموں کی تقسیم کے تحت سردار میر اکبر کو فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ اور باغ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا قلمدان سونپا گیا ہے۔ وقار احمد نور جنگلات، وائلڈ لائف اور فشریز کے امور دیکھیں گے جبکہ ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی کو صحت کا محکمہ دیا گیا ہے۔ چودھری اظہر صادق کو ہائر ایجوکیشن اور سردار عمیر نعیم کو ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اسی طرح راجہ ثاقب مجید انرجی اور واٹر ریسورسز، راجہ محمد ریاست ریونیو اور بحالی جبکہ چودھری عبدالرحمن آرائیں کو سیاحت، انڈسٹری، لیبر اور منرل ریسورسز کا وزیر بنایا گیا ہے۔ محکموں کی تقسیم کے فوری بعد وزیراعظم افتخار گیلانی کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں حکومت کے سو روزہ پروگرام کے خدوخال اور ترجیحات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ حکام کے مطابق اس سو روزہ ایجنڈے کا بنیادی فوکس صحت، تعلیم، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع، عوامی سہولیات اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے عزم ظاہر کیا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت پارٹی صدر نواز شریف کے ویژن کے مطابق گڈ گورننس کے ایجنڈے کو آگے بڑھائے گی اور عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔