LIVE
Loading Breaking News...

زومبی اکاؤنٹس کیا ہیں اور آپ کے پرانے لاگ انز کیوں خطرناک ہیں

News Image
انٹرنیٹ پر موجود غیر فعال اور پرانے اکاؤنٹس، جنہیں زومبی اکاؤنٹس کہا جاتا ہے، سکیورٹی کے لیے بڑا خطرہ بن چکے ہیں۔ ہیکرز ان بھولے ہوئے لاگ انز کے ذریعے صارفین کی ذاتی معلومات اور ڈیٹا تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
آج کے ڈیجیٹل دور میں ہم میں سے بیشتر افراد مختلف ویب سائٹس، ایپس اور آن لائن سروسز پر اپنے اکاؤنٹس بناتے ہیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ہم ان میں سے کئی پلیٹ فارمز کو استعمال کرنا چھوڑ دیتے ہیں اور اپنے پرانے لاگ انز بھول جاتے ہیں۔ ان غیر فعال یا متروک اکاؤنٹس کو تکنیکی زبان میں زومبی اکاؤنٹس کہا جاتا ہے، جو بظاہر مردہ معلوم ہوتے ہیں لیکن درحقیقت سکیورٹی کے لیے ایک بڑا خطرہ بن سکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق، ان پرانے اکاؤنٹس پر اب کسی کی نظر نہیں ہوتی لیکن ان میں صارفین کا ذاتی ڈیٹا، ای میل ایڈریسز اور پاس ورڈز محفوظ رہتے ہیں۔ جب سکیورٹی کی کمزوریاں سامنے آتی ہیں تو ہیکرز ان زومبی اکاؤنٹس کو نشانہ بناتے ہیں۔چونکہ صارفین طویل عرصے تک ان اکاؤنٹس کا رخ نہیں کرتے، اس لیے انہیں ڈیٹا چوری یا ہیکنگ کا بروقت پتہ نہیں چلتا۔ ایک اور بڑا مسئلہ یہ ہے کہ بہت سے لوگ مختلف ویب سائٹس پر ایک ہی ای میل اور پاس ورڈ کا استعمال کرتے ہیں۔ اگر کسی ایک پرانے یا غیر معروف پلیٹ فارم کا زومبی اکاؤنٹ ہیک ہو جائے، تو اس کی بنیاد پر ہیکرز آپ کے اہم ترین اکاؤنٹس تک بھی رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ کرڈینشل اسٹفنگ کا عمل کہلاتا ہے، جس میں ایک جگہ سے چرائے گئے ڈیٹا کو دوسری اہم ویب سائٹس پر آزمانا جاتا ہے۔ اس طرح ایک معمولی سا پرانا اکاؤنٹ آپ کی پوری ڈیجیٹل زندگی کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔ان خطرات سے بچنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ اپنے ڈیجیٹل فٹ پرنٹس کا جائزہ لیں اور ان تمام ایپس اور ویب سائٹس کی فہرست بنائیں جنہیں آپ اب مزید استعمال نہیں کرتے۔ ان تمام پرانے اور غیر ضروری اکاؤنٹس کو مستقل طور پر ڈیلیٹ یا بند کر دینا چاہیے۔ اس کے علاوہ، آن لائن سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ٹو فیکٹر اتھینٹیکیشن کا استعمال کریں اور ہر پلیٹ فارم کے لیے منفرد اور مضبوط پاس ورڈ رکھیں۔ ڈیجیٹل صفائی ستھرائی نہ صرف آپ کے پرائیویسی کے تحفظ کے لیے ضروری ہے بلکہ یہ آپ کو مستقبل کے بڑے سائبر خطرات سے بھی محفوظ رکھتی ہے۔