Technology
وی آن گروپ کی پاکستان میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو وسعت دینے کی تیاریاں
وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ سے وی آن گروپ کے سی ای او کان ترزیوگلو نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کو ڈیجیٹل ترقی کی راہ پر گامزن رکھنے اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
اسلام آباد: معروف بین الاقوامی ٹیلی کام اور ڈیجیٹل سروسز فراہم کرنے والے ادارے وی آن (VEON) گروپ نے پاکستان میں اپنے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مزید وسعت دینے اور بہتر بنانے کے امکانات کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں وی آن گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کان ترزیوگلو نے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ سے ایک اہم ملاقات کی جس میں ملک کے اندر ڈیجیٹل تبدیلی کے سفر کو تیز کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان وی آن کے لیے ایک انتہائی اہم اور اسٹریٹجک گروتھ مارکیٹ کی حیثیت رکھتا ہے۔ کمپنی کا عزم ہے کہ وہ پاکستانی مارکیٹ میں طویل مدتی سرمایہ کاری جاری رکھے گی تاکہ عام شہریوں اور کاروباروں کو جدید ترین ڈیجیٹل سہولیات تک رسائی حاصل ہو سکے۔ وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان ملک میں ڈیجیٹل اکالوجی کو مضبوط بنانے اور سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔وی آن اور اس کی ذیلی کمپنی جاز (Jazz) نے پاکستان کے ڈیجیٹل وژن میں بھرپور کردار ادا کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ملاقات میں اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ ملک کے دور دراز علاقوں تک تیز رفتار انٹرنیٹ اور جدید ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ ڈیجیٹل تقسیم کو کم کیا جا سکے اور معیشت کے مختلف شعبوں میں ڈیجیٹلائزیشن کے فوائد عام لوگوں تک پہنچائے جا سکیں۔