Pakistan
بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 11 دہشت گرد ہلاک
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 11 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ آپریشنز کے دوران بھاری مقدار میں بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا ہے جو کہ تخریبی کارروائیوں کے لیے استعمال ہونا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (آئی بی اوز) کرتے ہوئے بھارتی پشت پناہی حاصل کرنے والے 11 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ یہ کارروائیاں 6 اور 7 ستمبر کو خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں۔ ان کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندستان سے وابستہ عناصر کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جو ملک میں بدامنی پھیلانے کی سازشوں میں ملوث تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خاران میں دہشت گردوں نے سڑک بند کرنے اور ٹریفک معطل کرنے کی کوشش کی تھی، جسے سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنایا اور فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
اس کے علاوہ واشک کے ضلع میں ایک اور سوچے سمجھے منصوبے کے تحت آپریشن کیا گیا جہاں دہشت گردوں کے ایک اور چھپنے کے ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تین مزید دہشت گرد مارے گئے، جبکہ فورسز نے کارروائی کے دوران 2.9 ٹن وزنی دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا جو دیسی ساختہ بموں (آئی ای ڈی) کی تیاری میں استعمال ہونا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں کسی بھی دوسری ممکنہ تخریبی سرگرمی کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشنز کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ عسکری حکمرانوں اور سول قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک انسداد دہشت گردی کی یہ مہم عزم استحکام کے تحت پوری قوت سے جاری رکھی جائے گی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اس کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ہر قیمت پر خاک میں ملایا جائے گا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے بہادر سپوت قوم کا فخر ہیں اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں کے دوران بلوچستان میں دہشت گردانہ حملوں میں اضافے کے پیش نظر سیکیورٹی اداروں نے اپنی کارروائیوں میں نمایاں تیزی لگی ہے تاکہ صوبے میں امن و امان کی بحالی کو یقینی بنایا جا سکے اور عوام کے جان و مال کا تحفظ کیا جا سکے۔