LIVE
Loading Breaking News...

کراچی میں بارش کی پیشگوئی، محکمہ موسمیات کا نیا الرٹ جاری

News Image
محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج سے پیر تک وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ شہر کے کئی علاقوں میں ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں ہفتہ کے روز ہلکی بارش کا سلسلہ ریکارڈ کیا گیا جس سے شہر کا موسم خوشگوار ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گلشنِ معمار، گلشنِ حدید، سپر ہائی وے اور ان سے ملحقہ علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی جس کے بعد درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ شہرِ قائد میں آج سے لے کر پیر کے روز تک گرج چمک اور آندھی کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے بالائی اور وسطی حصوں پر اثر انداز ہونے والا مغربی لہر کا نظام مزید مضبوط ہو رہا ہے، جس کے زیرِ اثر سندھ کے مختلف اضلاع بھی متاثر ہوں گے۔ اس سسٹم کے تحت کراچی میں وقتاً فوقتاً بادل برسنے کا امکان ہے۔ ہفتے کے روز کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے جبکہ مطلع جزوی ابر آلود اور تیز ہوائیں چلنے کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔ صندھ کے دیگر اضلاع کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، سانگھڑ، خیرپور، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، حیدرآباد، مٹیاری اور شہید بینظیر آباد کے اضلاع میں درمیانی سے تیز بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ اس کے علاوہ گھوٹکی، کشمور، جیکب آباد، شکارپور، سکھر، قمبر شہدادکوٹ، لاڑکانہ، نوشہرو فیروز، ٹھٹھہ اور جامشورو میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔