LIVE
Loading Breaking News...

پاکستان میں بارشوں کا نیا سلسلہ، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

News Image
محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر حصوں میں 12 سے 17 ستمبر کے دوران وقفے وقفے سے بارشوں اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی ہے۔ اس دوران درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے جبکہ نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے جمعہ کے روز ملک بھر میں ایک نئے بارشوں کے سلسلے کی پیشگوئی کی ہے جو 12 ستمبر سے شروع ہو کر 17 ستمبر تک جاری رہے گا۔ اس دوران ملک کے بیشتر حصوں میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مانسون کی ہوائیں ملک کے بالائی حصوں میں داخل ہو رہی ہیں، جبکہ ایک مغربی لہر بھی اس ہفتے کے آخر میں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو کر 14 ستمبر کو مزید مضبوط ہوگی۔ کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی اور پنجاب کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق کشمیر کے مختلف اضلاع بشمول مظفرآباد، نیلم ویلی اور راولاکوٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب کے بڑے شہروں بشمول لاہور، فیصل آباد، ملتان، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور سرگودھا میں بھی 12 ستمبر کی شام سے 17 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارش کی توقع ہے۔ خیبر پختونخوا کے پشاور، سوات، چترال، مانسہرہ اور ایبٹ آباد سمیت دیگر اضلاع میں بھی بارش کا نیا سلسلہ داخل ہوگا جبکہ گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ سندھ کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم سکھر، لاڑکانہ، حیدرآباد اور کراچی سمیت کئی علاقوں میں 13 سے 16 ستمبر کے دوران بارش اور آندھی کا امکان ہے۔ کراچی میں 14 سے 16 ستمبر کے دوران ہلکی بارش اور گرج چمک کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ دوسری جانب بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، تاہم ژوب، بارکھان اور گردونواح میں 13 سے 16 ستمبر کے دوران بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے اپنی ایڈوائزری میں خبردار کیا ہے کہ 14 سے 17 ستمبر کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ اس کے علاوہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، مری اور گلیات کے ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے مسافروں، سیاحوں اور کسانوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔