Pakistan
پاکستان کا آرمینیا میں پہلے سفیر کا تقرر، سفارتی تعلقات کا آغاز
پاکستان اور آرمینیا کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کے لیے سفاتری روابط کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔ سفیر شفقت علی خان نے یریوان میں آرمینین صدر کو اپنی اسنادِ تقرری پیش کر دی ہیں۔
اسلام آباد اور یریوان کے درمیان سفارتی میدان میں ایک تاریخی پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں پاکستان نے آرمینیا کے ساتھ باضابطہ سفارتی تعلقات قائم کرنے کے بعد اپنے پہلے سفیر کا تقرر کر دیا ہے۔ اس اہم سفارتی قدم کے تحت نامزد پاکستانی سفیر شفقت علی خان نے دارالحکومت یریوان میں واقع صدارتی محل میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران آرمینیا کے صدر واہگن خاچاتوریان کو اپنی اسنادِ تقرری پیش کر دیں۔ یہ تقریب دونوںممالک کے مابین تعلقات کی تاریخ میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔
اس موقع پر آرمینیا کے صدر واہگن خاچاتوریان نے نو تعینات پاکستانی سفیر شفقت علی خان کا خیرمقدم کیا اور انہیں آرمینیا میں پاکستان کے پہلے سفیر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ صدر خاچاتوریان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ سفارتی روابط کا آغاز دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون، تجارت اور سیاسی ڈائیلاگ کو فروغ دینے کے لیے نئے اور وسیع تر دروازے وا کرے گا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس تاریخی اقدام سے دونوں اقوام کے درمیان غلط فہمیاں دور ہوں گی اور دوطرفہ تعلقات مستحکم ہوں گے۔
دوسری جانب پاکستانی سفیر شفقت علی خان نے صدر واہگن خاچاتوریان کے ساتھ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے کے لیے پاکستان کی قیادت اور حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد آرمینیا کے ساتھ سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک میں مختلف شعبوں میں اشتراکِ عمل کی بہت زیادہ گنجائش موجود ہے جس سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا۔
اس تقرر کو بین الاقوامی سفارتی حلقوں میں انتہائی اہمیت کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ پاکستان اور آرمینیا کے مابین اس براہ راست سفارتی رابطے سے خطے میں امن اور تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔ اس سے قبل دونوں ممالک کے درمیان اس سطح کے باضابطہ سفارتی تعلقات موجود نہیں تھے، لیکن اب سفیروں کے تبادلے کے بعد مختلف بین الاقوامی امور پر بھی باہمی مشاورت کا سلسلہ شروع ہونے کی توقع ہے۔