World
ایرانی صدر اور ابوظہبی کے ولی عہد کی برکس اجلاس میں ملاقات
ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور ابوظہبی کے ولی عہد کے درمیان برکس سربراہی اجلاس کے حاشیے پر اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بھارت میں منعقدہ برکس سربراہی اجلاس کے موقع پر ایران اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اعلیٰ سطح پر رابطہ دیکھنے میں آیا ہے جہاں ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور ابوظہبی کے ولی عہد کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ خطے میں امن و امان کی صورتحال اور معاشی تعاون کے فروغ کے حوالے سے بھی اس موقع پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
دوسری جانب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی جس میں سمندری گزرگاہوں اور جہاز رانوں کے تحفظ پر خصوصی زور دیا گیا۔ بھارتی قیادت کا کہنا تھا کہ عالمی تجارت کے تسلسل کے لیے سمندری راستوں کا محفوظ ہونا انتہائی ضروری ہے۔ اجلاس کے دوران ایرانی صدر پزشکیان نے برکس ممالک پر زور دیا کہ وہ خطے میں یکطرفہ پابندیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک مستقل سیکرٹریٹ قائم کریں تاکہ معاشی خود مختاری کو یقینی بنایا جا سکے۔
ایرانی صدر نے اپنے دورے کے دوران واضح کیا کہ تہران کبھی بھی دباؤ کے آگے سر نہیں جھکائے گا اور امریکہ کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالے گا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ باہمی مکالمے اور امن کی راہ اپنائے۔ دریں اثنا، ہندوستان کے شیعہ عالم دین مولانا یعوب عباس نے بھی ایرانی صدر سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے مابین تاریخی تعلقات کو مزید گہرا کرنے پر زور دیا۔