LIVE
Loading Breaking News...

شفقت علی خان آرمینیا میں پاکستان کے پہلے سفیر تعینات

News Image
شفقت علی خان نے آرمینیا کے صدر واہاگن کھاچاتوریان کو اپنی اسنادِ سفارت پیش کر دی ہیں اور وہ آرمینیا میں پاکستان کے پہلے سفیر مقرر ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور تجارت، سرمایہ کاری اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
شفقت علی خان نے آرمینیا میں پاکستان کے پہلے سفیر کی حیثیت سے دارالحکومت یریوان میں واقع صدارتی محل میں ایک باضوقار تقریب کے دوران صدر واہاگن کھاچاتوریان کو اپنی اسنادِ سفارت پیش کر دیں۔ صدر کھاچاتوریان نے سفیر شفقت علی خان کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا، انہیں اس اہم عہدے پر تقرری پر مبارکباد پیش کی اور ان کی سفارتی ذمہ داریوں کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ آرمینیائی صدر نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ دینے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے ہر ممکنہ تعاون فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر سفیر شفقت علی خان نے صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کی طرف سے آرمینیا کے صدر کو خیرسگالی کے پیغام اور نیک خواہشات پہنچائیں اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کو دہرایا۔ ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت اور عوام کے مابین رابطوں سمیت اقتصادی تعاون کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کی وسیع صلاحیت پر زور دیا۔ تقریب سے قبل، سفیر شفقت علی خان نے آرمینیا کے وزیر خارجہ اور بین الاقوامی تجارت ارارات مرزویان سے بھی ملاقات کی جنہوں نے ان کا خیرمقدم کیا اور انہیں ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ ایجنڈے کا جائزہ لیا اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ، سفیر شفقت علی خان نے آرمینیا کے نائب وزیر خارجہ مناتساکن صفاریان سے ملاقات کی اور انہیں اپنی اسنادِ سفارت کی نقل پیش کی۔ نائب وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے مابین باضابطہ سفارتی تعلقات کا قیام پاکستان اور آرمینیا کی قیادت کا ایک اہم پالیسی فیصلہ ہے۔ آرمینیا کے دورے کے دوران سفیر شفقت علی خان کی مصروفیت نے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ روابط کو آگے بڑھانے اور باہمی فائدے کے لیے نئے راستے تلاش کرنے کا بہترین موقع فراہم کیا ہے۔ واضح رہے کہ شفقت علی خان بیک وقت متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر اور آرمینیا کے لیے غیر مقیم سفیر کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ پاکستان اور آرمینیا کے درمیان اگست 2025 میں سفارتی تعلقات قائم ہوئے تھے، جبکہ اس سے قبل پاکستان نگورونو کاراباخ تنازع پر آذربایجان سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر 1991 سے آرمینیا کی خودمختاری کو تسلیم نہ کرنے والا اقوام متحدہ کا واحد رکن ملک تھا۔