LIVE
Loading Breaking News...

گوادر پاک ایران سرحد فائرنگ: این ایل سی کے چار ملازمین شہید

News Image
گوادر میں پاک ایران سرحد کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے نیشنل لاجسٹکس سیل (این ایل سی) کے چار ملازمین شہید ہو گئے۔ حملہ آور گاڑی کو نذر آتش کرنے کے بعد مبینہ طور پر نقدی بھی ساتھ لے گئے۔
گوادر ضلع میں پاک ایران سرحد کے قریب پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں نیشنل لاجسٹکس سیل (این ایل سی) کے چار ملازمین شہید ہو گئے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ لرزہ خیز واقعہ ہفتے کے روز بارڈر پوسٹ نمبر 250 پر پیش آیا جو گوادر ضلع کی تحصیل جیوانی سے تقریباً ساٹھ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ موٹر سائیکل پر سوار مسلح حملہ آوروں نے اس پک اپ گاڑی کو نشانہ بنایا جس میں یہ چاروں ملازمین سوار تھے۔ حملے کے بعد نامعلوم ملزمان نے گاڑی کو آگ بھی لگا دی جس کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر جل کر تباہ ہو گئی۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے ایک موٹر سائیکل بھی برآمد کی ہے جس کے بارے میں شبہ ہے کہ یہ حملہ آوروں کی ہے اور وہ فرار ہوتے وقت اسے وہیں چھوڑ گئے۔ شہید ہونے والے ملازمین کی شناخت مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے طور پر ہوئی ہے۔ ان میں پنجاب کے ضلع لیہ کے چک نمبر 132 کے رہائشی چوبیس سالہ غلام مصطفیٰ، ضلع شیخوپور سے تعلق رکھنے والے چونتیس سالہ صنم مسیح، کوئٹہ کے نواحی علاقے ٹیچر کالونی نوان کلی کے چھتیس سالہ کنول شہزاد اور خیبر پختونخوا کے ضلع کرک کے علاقے تخت نصرتی کی گھنڈی کلی کے چھبیس سالہ دانش اقبال شامل ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ ملازمین ایک پک اپ میں سوار تھے اور مبینہ طور پر ان کے پاس بڑی مقدار میں نقدی موجود تھی جسے حملہ آور فائرنگ کے بعد اپنے ساتھ لوٹ کر لے گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ اس اندوہناک واقعے پر سیاسی اور سماجی حلقوں کی طرف سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے جبکہ سیکیورٹی اداروں نے اس بزدلانہ کارروائی میں ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔