Business
PIA aur Kam Air ka Interline Muahida, Musafiron ke liye Sahulat
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز اور افغانستان کی کام ایئر نے مسافروں کی سہولت کے لیے ایک انٹرلائن معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت افغان مسافر اسلام آباد کے راستے مشرق وسطیٰ کے لیے بغیر کسی رکاوٹ کے سفر کر سکیں گے۔
راولپنڈی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) اور افغانستان کی نجی ایئر لائن کام ایئر کے درمیان ایک اہم انٹرلائن معاہد طے پا گیا ہے جس کا مقصد افغانستان سے مشرق وسطیٰ جانے والے مسافروں کے لیے سفر کو انتہائی سہل بنانا ہے۔ اس معاہدے کے تحت اب مسافر ایک ہی بکنگ کے ذریعے اپنا پورا سفر طے کر سکیں گے۔ اس نئے انتظام سے مسافروں کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سامان دوبارہ چیک کرانے کی زحمت نہیں اٹھانی پڑے گی اور وہ ٹرانزٹ کے دوران امیگریشن کے مراحل سے بھی مستثنیٰ رہیں گے۔ ترجمان کے مطابق یہ تعاون افغانستان اور مشرق وسطیٰ کے اہم مقامات کے درمیان اسلام آباد کے راستے ایک مؤثر ٹرانزٹ روٹ قائم کرتا ہے، جس کا آغاز پہلے مرحلے میں کابل-اسلام آباد-دمام روٹ سے کیا جا رہا ہے۔ اس اقدام سے مسافروں کو الگ الگ ٹکٹ خریدنے کی پریشانی سے نجات مل جائے گی اور ان کا سفر مزید آرام دہ ہو جائے گا۔ علاوہ ازاں، ایئرپورٹ حکام نے بین الاقوامی سفر کے لیے نادرا سے منسلک ویکسینیشن کا ثبوت لازمی قرار دے دیا ہے۔ ایئرپورٹ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی ہدایت کے مطابق پولیو، میننجائٹس، زرد بخار اور انفلوئنزا کی ویکسینیشن کے بغیر کسی بھی مسافر کو ملک سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ویکسینیشن کی سہولت اور آن لائن رجسٹریشن جلد ہی بین الاقوامی روانگی لاؤنج میں فراہم کی جائے گی، اور جو مسافر موقع پر ویکسین لگوانا چاہتے ہیں انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی پرواز سے چھ گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچیں۔ ویکسینیشن کی فیس نادرا کے ای سہولت پلیٹ فارم کے ذریعے ادا کی جائے گی۔ دریں اثنا، سعودی عرب جانے والے عحمرہ اور حج زائرین کے لیے وفاقی حکومت کی سول ڈسپنسری کو ہی ویکسینیشن کا واحد مجاز مرکز قرار دیا گیا ہے۔ پی آئی اے کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ بین الاقوامی پروازوں کے تمام مسافروں کے لیے یہ ضابطہ لازمی ہے اور ایجنٹس کو بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ مسافروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔