AI
عالمی اے آئی اسٹاکس میں گراوٹ، مصنوعی ذہانت کی رفتار سست کرنے کا مطالبہ
صنعت کے سرکردہ رہنماؤں کی جانب سے مصنوعی ذہانت کی ترقی کی رفتار کو سست کرنے کے مطالبات کے بعد عالمی منڈی میں اے آئی سے منسلک اسٹاکس میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔ بعض محققین نے انتباہ جاری کیا ہے کہ غیر منضبط اے آئی کے خطرات سے بچنے کے لیے لازمی سیکیورٹی اقدامات اور ہنگامی سوئچ ناگزیر ہو چکے ہیں۔
عالمی مالیاتی منڈیوں میں اس وقت ہلچل مچ گئی جب مصنوعی ذہانت کے شعبے سے وابستہ سرکردہ رہنماؤں اور ماہرین نے اے آئی کی ترقی کی دوڑ کو عارضی طور پر سست کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس انتباہ کے بعد دنیا بھر میں اے آئی سے منسلک کمپنیوں کے حصص اور اسٹاکس میں نمایاں گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔ سرمایہ کاروں میں یہ تشویش پائی جا رہی ہے کہ اگر اس ٹیکنالوجی کی رفتار کو ریگولیٹ یا کنٹرول نہ کیا گیا تو اس کے معاشی اور معاشرتی اثرات تباہ کن ہو سکتے ہیں۔
حالیہ دنوں میں انترھوپک کے کو فاؤنڈر ڈاریو امودی اور دیگر ممتاز محققین کی جانب سے یہ بیانات سامنے آئے ہیں کہ مصنوعی ذہانت کی ترقی کو قابو میں رکھنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر لازمی حفاظتی اقدامات یا ایک محفوظ کِل سوئچ (kill switch) کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ اس بحث نے اس وقت اور شدت اختیار کی جب انترھوپک کے ایک سینیئر محقق نے اے آئی کی غیر منضبط ترقی اور حفاظتی خدشات کی وجہ سے اپنے عہدے سے استعفا دے دیا۔ ان واقعات نے انڈسٹری کے اندر جاری اندرونی کشمکش کو دنیا کے سامنے عیاں کر دیا ہے۔
ماہرین اور مبصرین کا ماننا ہے کہ مصنوعی ذہانت جس تیزی سے انسانی زندگی کے ہر شعبے میں سرایت کر رہی ہے، اس کے ممکنہ خطرات کا اندازہ لگانا فی الحال مشکل ہے۔ اگرچہ یہ ٹیکنالوجی معیشت اور پیداوار میں انقلاب برپا کر رہی ہے، لیکن اس کے ساتھ ساتھ اس کے اخلاقی اور سلامتی کے حوالے سے سنگین سوالات بھی اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ عالمی سطح پر اب یہ مطالبہ زور پکڑ رہا ہے کہ حکومتیں اور بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں باہم مل کر ایک جامع فریم ورک تیار کریں تاکہ انسانیت کو کسی بھی ممکنہ بڑے خطرے سے بچایا جا سکے۔