LIVE
Loading Breaking News...

پاکستان اور انڈونیشیا کا دفاعی تعلقات اور دوطرفہ تعاون مزید مضبوط کرنے کا عزم

News Image
چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے انڈونیشیا کے نیول چیف ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے انڈونیشیائی نیول چیف کو نشان امتیاز ملٹری سے بھی نوازا۔
راولپنڈی میں چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف دی آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے انڈونیشیا کے بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے اہم ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں برادر ملکوں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعلقات کو مزید وسعت دی جائے گی اور پروفیشنل ٹریننگ، دفاعی اشتراک اور مشترکہ فوجی مشقوں کے میدان میں تعاون کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جائے گا۔ اس موقع پر چیف آف ڈیفنس فورسز نے انڈونیشیا کے ساتھ دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انڈونیشیائی نیول چیف نے پاکستان مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک مفادات اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات کو مزید گہرا کیا جائے گا۔ اسی دورے کے ایک اور اہم سلسلے میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایوان صدر میں ایک باوقار تقریب کے دوران انڈونیشیا کے بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی کو دونوں ملکوں کی بحریہ کے درمیان تعلقات کے فروغ میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں نشان امتیاز ملٹری سے نوازا۔ اس تقریب میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف، اراکین پارلیمنٹ اور سفارتی برادری کے اہم ارکان بھی شریک تھے۔ صدر مملکت نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات ہیں اور میری ٹائم سیکٹر بالخصوص بلیو اکیشی کے شعبے میں باہمی تعاون کی وسیع راہیں موجود ہیں۔ دوسری جانب فیلڈ مارشل عاصم منیر سے لبنان کے وزیر داخلہ و بلدیات احمد الحجار نے بھی ملاقات کی۔ اس دو طرفہ ملاقات میں بھی علاقائی سلامتی کے ماحول، سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ لبنانی وزیر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں اور خطے میں امن کے لیے اس کے کردار کو بھرپور انداز میں سراہا۔