LIVE
Loading Breaking News...

کراچی سے سعودی عرب سفر: نادرا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار

News Image
بارڈر ہیلتھ سروسز نے کراچی ایئرپورٹ سے سعودی عرب جانے والے زائرین اور کارکنوں کے لیے نادرا سے منسلک ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کی شرط عائد کر دی ہے۔ اس فیصلے کے تحت اب اس شرط پر عمل درآمد کی آخری تاریخ 25 ستمبر تک بڑھا دی گئی ہے۔
کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سعودی عرب کا سفر کرنے والے عازمینِ حج و عمرہ، ورک ویزا ہولڈرز اور وہاں چھ ماہ یا اس سے زائد عرصے تک قیام کرنے والے مسافروں کے لیے ایک اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔ بارڈر ہیلتھ سروسز پاکستان (بی ایچ ایس پی) کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق اب تمام متعلقہ مسافروں کے لیے نادرا سے منسلک ویکسینیشن سرٹیفکیٹ ساتھ رکھنا لازمی ہو گا۔ اس نئی پالیسی کے تحت پولیو، میننجائٹس، یلو فیور اور انفلوئنزا کی ویکسینیشن کروانا اور اس کا ثبوت نادرا کے ڈیجیٹل ریکارڈ کے ساتھ منسلک ہونا ضروری قرار دیا گیا ہے۔ پہلے یہ شرط صرف عازمینِ حج و عمرہ کے لیے تھی لیکن اب اس کا دائرہ کار کارآمد ویزا پر جانے والے ورکرز اور طویل قیام کرنے والوں تک بھی بڑھا دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق پہلے اس فیصلے کے نفاذ کی تاریخ 14 ستمبر رکھی گئی تھی تاہم عوامی مفاد اور دیگر اداروں کی درخواست پر بارڈر ہیلتھ سروسز پاکستان نے اس کی ڈیڈ لائن میں توسیع کرتے ہوئے اب اسے 25 ستمبر صبح 10 بجے تک کر دیا ہے۔ اس حوالے سے کراچی ایئرپورٹ کے چیف آپریٹنگ افسر کو باضابطہ نوٹس بھی ارسال کر دیا گیا ہے جس میں تمام ایئرلائنز اور ٹریول ایجنٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مسافروں کو اس نئی پابندی سے بروقت آگاہ کریں۔ حکام کا کہنا ہے کہ صرف وہی ویکسینیشن پروف قابلِ قبول ہوں گے جو براہِ راست نادرا کے سسٹم سے منسلک ہوں گے۔ مسافروں کی سہولت کے لیے ایئرپورٹ پر بھی ویکسینیشن اور آن لائن رجسٹریشن کی سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ جن مسافروں کے پاس سرٹیفکیٹ نہ ہو وہ سفر سے قبل یہ عمل مکمل کر سکیں۔ تاہم انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ جو مسافر ایئرپورٹ پر ہی ویکسینیشن کروانا چاہیں گے، انہیں اپنی پرواز سے چھ گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچنا ہوگا۔ اس کے علاوہ ویکسینیشن فیس کی ادائیگی نادرا کے ای سہولت پلیٹ فارم کے ذریعے کی جائے گی۔ بی ایچ ایس پی کے فوکل پرسن ڈاکٹر غلام مرتضیٰ شاہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد بین الاقوامی سفری قوانین کو بہتر بنانا اور صحت کے اصولوں پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔ ابتدائی طور پر اس کا اطلاق صرف کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کیا جا رہا ہے لیکن حکام کا ارادہ ہے کہ مستقبل میں اس نظام کو ملک کے دیگر ہوائی اڈوں تک بھی توسیع دی جائے گی تاکہ تمام مسافروں کے لیے یکساں قوانین نافذ کیے جا سکیں۔