LIVE
Loading Breaking News...

پنجاب پولیس کے لیے باڈی کیمروں کا اجراء - نیکسورا نیوز

News Image
پنجاب حکومت نے پولیس کی کارکردگی کو شفاف بنانے اور سکیورٹی بہتر کرنے کے لیے لاہور میں باڈی وورن کیمروں کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ یہ جدید کیمرے فیشل ریکگنیشن اور لائیو مانیٹرنگ سسٹم سے لیس ہیں جو کنٹرول رومز سے منسلک ہوں گے۔
لاہور: پنجاب حکومت نے پولیس فورس میں احتساب کو مضبوط بنانے، عوامی تحفظ کو بہتر کرنے اور پولیسنگ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے باڈی وورن کیمروں کا اجراء کر دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر اس اہم منصوبے کا آغاز سب سے پہلے صوبائی دارالحکومت لاہور سے کیا گیا ہے، جہاں تربیت یافتہ پولیس اہلکار اب فیلڈ میں ان کیمروں کا استعمال کریں گے۔ اس سلسلے میں تھانوں میں ڈاکینگ اسٹیشنز کی تنصیب کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے تاکہ کیمروں کی چارجنگ اور ڈیٹا کی منتقلی کو یقینی بنایا جا سکے۔ نئے نظام کے تحت یہ کیمرے پنجاب پولیس، پنجاب ہائی وے پٹرول، ڈولفن فورس اور ٹریفک وارڈنز کے اہلکار ڈیوٹی کے دوران استعمال کریں گے۔ ان کیمروں کو صوبے کے 43 شہروں میں فعال اسمارٹ سیف سٹی سسٹمز کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے، جس کی بدولت ضلعی سیف سٹی کنٹرول رومز سے لائیو مانیٹرنگ کی جا سکے گی۔ جدید چہرے کی شناخت (فیشل ریکگنیشن) کی ٹیکنالوجی سے لیس یہ کیمرے مشکوک افراد کی شناخت اور گاڑیوں کی نمبر پلیٹس خودکار طریقے سے پڑھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہنگامی حالات میں یہ آلات فوری طور پر تھریٹ الرٹس بھی جنار ی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان جدید آلات میں پولیس اہلکاروں کے لیے آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگ، فوٹوگرافی اور کالنگ کی سہولیات بھی موجود ہیں جبکہ بلٹ ان میموری کی وجہ سے ڈیوٹی کے دوران تمام ریکارڈنگ محفوظ کی جا سکتی ہے۔ ڈیوٹی شفٹ ختم ہونے کے بعد افسران کو یہ کیمرے مخصوص ڈاکینگ اسٹیشنز پر واپس جمع کروانا ہوں گے جہاں سے ریکارڈ شدہ ڈیٹا خود بخود منتقل ہو کر محفوظ کر لیا جائے گا۔ کیمروں میں پش ٹو ٹاک کا فیچر بھی رکھا گیا ہے جس کے ذریعے اہلکار براہ راست کنٹرول روم سے رابطہ کر سکیں گے جبکہ ہنگامی الرٹس کے لیے ایک خصوصی ایس او ایس بٹن بھی موجود ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نظام سے پولیس کی نگرانی کا عمل مضبوط ہوگا اور کرپشن کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام خصوصاً کمزور طبقے میں تحفظ کا احساس پیدا کرنا ہی کامیابی کا اصل پیمانہ ہے اور پنجاب میں ہر فرد کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمے داری ہے۔ حکومت کے اس اقدام سے پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ مزید مضبوط ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔