Business
وزیراعظم شہباز شریف کا برآمدات بڑھانے اور معیار بہتر بنانے کا حکم
وزیراعظم شہباز شریف نے قومی برآمدات میں اضافے کے لیے پاکستانی مصنوعات کا معیار بین الاقوامی سطح پر لانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطح کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے برآمدی شعبے کی ترقی پر زور دیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے منگل کے روز اسلام آباد میں برآمدات میں اضافے اور معاشی ترقی کو تیز کرنے کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر انہوں نے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کے معیار کو بین الاقوامی سطح پر لانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عالمی منڈی میں ملک کا مقام بلند ہو سکے۔ وزیرِ اعظم نے کوالٹی اشورنس کے نظام کو مزید فعال بنانے اور بین الاقوامی ضابطوں کی مکمل پاسداری کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی معاشی ترقی کی بنیاد برآمدات میں اضافہ ہونا چاہیے اور روایتی شعبوں کے علاوہ دیگر صنعتوں کو بھی عالمی منڈیوں کے لیے تیار کیا جانا چاہئے۔ اجلاس کے دوران وزیرِ اعظم کو برآمدات کے فروغ کے لیے منظور شدہ اسٹریٹجک روڈ میپ پر عمل درآمد کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ تجارت کو متنوع بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ صنعتوں کو برآمدی سرگرمیوں میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے برآمدات میں ویلیو ایڈیشن کی ضرورت پر زور دیا تاکہ پاکستانی اشیاء کی مسابقت اور قدر میں اضافہ ہو سکے۔ اس کے علاوہ برآمدی صنعتوں میں جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور جدت کو فروغ دینے کی بھی ہدایت کی گئی تاکہ ملکی برآمدات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔ وزیرِ اعظم نے اس امر پر بھی زور دیا کہ تاجروں اور برآمد کنندگان کو درپیش تمام انتظامی اور کاروباری رکاوٹیں فوری طور پر دور کی جائیں اور برآمدی عمل کو مزید آسان، تیز اور شفاف بنایا جائے۔ اجلاس میں نئے عالمی بازاروں تک رسائی، برآمدی شعبوں میں تنوع، اور مصنوعات کے معیار میں بہتری کے لیے تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ آزاد تجارتی معاہدوں اور دوست ممالک کے ساتھ ترجیحی تجارتی معاہدوں کے ذریعے پاکستانی مصنوعات کی عالمی مارکیٹ تک رسائی بڑھانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ اجلاس میں وفاقی وزراء اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی، جن میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور دیگر وزراء شامل تھے۔ حکومت نے برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا ہے اور ملکی برآمدات کو عالمی معیار پر لانے کے لیے یہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔