LIVE
Loading Breaking News...

بجلی چوری روکنے کے لیے ٹرانسفارمر کنٹرول سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ

News Image
حکومت نے ملک بھر میں بجلی کی چوری کو مؤثر طریقے سے روڈ نے کے لیے ٹرانسفارمر کی سطح پر نیا کنٹرول سسٹم لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس نئے نظام کے تحت فیڈرز کو مکمل بند کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی اور نگرانی کا نظام مزید بہتر ہو جائے گا۔
حکومتِ پاکستان نے ملک بھر میں بجلی چوری کے خاتمے اور ترسیلی نظام میں بہتری لانے کے لیے ایک جدید ٹرانسفارمر کی سطح پر بجلی کنٹرول کرنے کا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس منصوبے کا بنیادی مقصد توانائی کے شعبے میں ہونے والے نقصانات کو کم کرنا اور چوری کے عناصر پر کڑی نظر رکھنا ہے۔ اس نئے اقدام کے تحت ملک بھر کے تقریبا ایک لاکھ نوے ہزار بجلی کے ٹرانسفارمرز کو اس جدید نظام کے دائرہ کار میں لایا جائے گا، جس سے بجلی کے استعمال کی مانیٹرنگ انتہائی آسان ہو جائے گی۔ وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری نے اس نئے نظام کی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا ہے کہ اب پورے فیڈرز کو طویل عرصے کے لیے بند کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ روایتی طریقوں میں پورے فیڈر کی شٹ ڈاؤن کرنا پڑتی تھی جس سے عام صارفین کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا، لیکن اس ٹرانسفارمر لیول سسٹم کے نفاذ سے صرف متعلقہ خراب یا متاثرہ حصے کو کنٹرول کیا جا سکے گا۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ اس ٹیکنالوجی کی مدد سے نہ صرف لائن لاسز میں واضح کمی آئے گی بلکہ پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی کارکردگی میں بھی نمایاں بہتری دیکھنے کو ملے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ریگولیٹری فریم ورک کو بھی اس نئے سسٹم کے مطابق ڈھالا جا رہا ہے تاکہ اس کے نفاذ میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے اور ملک بھر میں توانائی کی فراہمی کے نظام کو شفاف بنایا جا سکے۔ حکومت کی جانب سے اس منصوبے کو جلد از جلد عملی جامہ پہنانے کی تیاریاں جاری ہیں تاکہ ملکی معیشت کو بجلی چوری کی وجہ سے پہنچنے والے اربوں روپے کے نقصانات سے نجات دلائی جا سکے۔