LIVE
Loading Breaking News...

کے پی اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز، 13 دہشت گرد ہلاک

News Image
سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں مختلف کارروائیوں کے دوران 13 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ اس دوران خیبر پختونخوا میں آئی ای ڈی دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کے 6 جوان بھی جام شہادت نوش کر گئے۔
راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔ یہ کارروائیاں 15 سے 17 ستمبر کے دوران عمل میں لائی گئیں۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جہاں سیکیورٹی فورسز نے موثر انداز میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد فتنہ الخوارج کے 6 دہشت گرد مارے گئے۔ ایک اور جھڑپ کے دوران ہنگو میں بھی 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے، جو سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔ دوسری طرف، 17 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز کے قافلے کو ایک دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) کے دھماکے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 6 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ پاک فوج نے عزم کا اعجاز دہرایا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک یہ کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔ ایک الگ کارروائی کے دوران بلوچستان کے ضلع آواران کے علاقے بدرنگ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے مزید 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق آواران آپریشن میں ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق فتنہ الہند سے تھا اور ان کے قبضے سے بھی بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔ ریاست اور پاک فوج ملک کے کونے کونے سے امن دشمن عناصر کا خاتمہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔