World
شام: حلب کے قریب اسلحہ ڈپو میں دھماکے اور چار افراد زخمی
شام کے شہر حلب کے قریب واقع فوج کے ایک اسلحہ ڈپو میں طاقتور دھماکے ہوئے ہیں جن کے نتیجے میں کم از کم چار افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکے کی نوعیت اور وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ حکام کی جانب سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
شام کے شمال مغربی شہر حلب کے قریب واقع شامی فوج کے ایک اہم گولہ بارود اور اسلحہ ڈپو میں شدید دھماکے ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ دھماکے حلب کے جنوبی علاقوں میں واقع فوجی تنصیبات کے اندر ہوئے جن کی آوازیں دور دور تک سنی گئیں اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ دھماکوں کے فورا بعد جائے وقوعہ سے دھوکے کے سیاہ بادل اٹھتے ہوئے دیکھے گئے جبکہ سکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر حرکت میں آگئیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان دھماکوں کے نتیجے میں کم از کم چار افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ واقعے کے فوری بعد شامی سکیورٹی اداروں نے اس پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور عام شہریوں کی آمد و رفت کو محدود کر دیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ دھماکوں کی اصل وجوہات کا تاحال حتمی طور پر تعین نہیں کیا جا سکا ہے اور اس بات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ آیا یہ کوئی تکنیکی خرابی تھی، حادثہ تھا یا پھر کسی بیرونی تخریب کاری کا نتیجہ۔ اس حادثے کے بعد سے حلب اور اس کے گردونواح میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ عینی شاہدین کے مطابق دھماکوں کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ قریبی عمارتوں کے شیشه بھی ٹوٹ گئے۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر دھیان نہ دیں اور سرکاری بیانات کا انتظار کریں کیونکہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آ سکیں گے۔