World
ایران کا امریکہ سے مذاکرات کا عندیہ، وزیر داخلہ محسن نقوی کی تہران میں اہم ملاقات
ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی تہران میں ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کی میز پر واپسی کے حوالے سے مثبت پیشرفت ہوئی ہے۔ ایران نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کی کاوشوں کو سراہا ہے۔
تہران نے امریکہ کے ساتھ کشیدگی کو کم کرنے اور تعطل کے شکار سفارتی عمل کو بحال کرتے ہوئے ایک بار پھر مذاکرات کی میز پر واپس آنے کی آمادگی ظاہر کی ہے۔ یہ اہم پیشرفت ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور دورہ تہران پر موجود پاکستانی وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران سامنے آئی۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے مابین ہونے والی بات چیت میں خطے کے امن اور ثالثی کے عمل کو آگے بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جس میں مثبت اشارے ملے ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی اپنے اس دورے کے دوران تہران پہنچے جہاں ان کا استقبال ان کے ایرانی ہم منصب اسکندر مومنی نے کیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے باہمی دلچسپی کے امور اور موجودہ علاقائی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی ہے۔ ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے اس موقع پر پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کا شکریہ ادا کیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ تہران پاکستان کی امن دوست پالیسیوں کا قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دوسری جانب قطر کے توسط سے ایران نے مذاکرات کی بحالی کے لیے اپنے چند شرائط بھی سامنے رکھی ہیں جن میں تمام محاذوں پر لڑائی کا خاتمہ اور منجمد ایرانی اثاثوں کی بحالی شامل ہے۔ دریں اثنا، ایرانی صدر کے دورہ نیویارک اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے قبل سفارتی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں اور قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ نیویارک میں وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر کی ملاقات سے امن کے عمل کو مزید تقویت مل سکتی ہے۔