World
پاک افغان سرحد پر کشیدگی، پاکستان نے آٹھ افغان ڈرون مار گرائے
پاکستانی سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک افغان سرحد پر خیبر کے علاقے میں طالبان حکومت کے آٹھ ڈرون طیارے مار گرائے گئے ہیں۔ یہ واقعہ دراندازی کی ایک ناکام کوشش اور افغان طالبان کی جانب سے فائرنگ کے بعد پیش آیا ہے۔
پاکستانی سکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں پاک افغان سرحد کے قریب افغان طالبان حکومت کے آٹھ ڈرون طیارے کامیابی سے مار گرائے ہیں۔ دفاعی ذرائع کے مطابق ایئر ڈیفنس سسٹم نے انتہائی پھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام آٹھ ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کر دیا، جن کا ملبہ متعلقہ علاقے سے برآمد کر لیا گیا ہے۔ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب سرحد پار سے فتنہ الخوارج اور دیگر عناصر کی جانب سے پاکستان میں دراندازی کی ایک اور ناپاک کوشش کو ناکام بنایا گیا تھا۔ حکام کا بتانا ہے کہ دراندازی کی ناکامی کے بعد افغان طالبان کی طرف سے بلا اشتعال فائرنگ بھی کی گئی، جس کا پاکستانی فورسز نے بھرپور اور مؤثر جواب دیا۔ حالیہ مہینوں میں سرحد پار سے ہونے والی ان کارروائیوں اور ڈرون سرگرمیوں کے پیش نظر پاکستانی سکیورٹی ادارے انتہائی مستعد ہیں۔ دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاک افغان سرحد پر اس قسم کی فضائی دراندازی اور جارحیت کے خلاف پاکستان کی مسلح افواج مکمل طور پر تیار ہیں اور ملکی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کو آہنی ہاتھوں سے کچلا جائے گا۔ واقعے کے بعد سرحدی علاقوں میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔