LIVE
Loading Breaking News...

وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی قیادت سے ملاقات اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ

News Image
وزیر اعظم شہباز شریف نے ریاض میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی اور سعودی قومی دن پر قیادت کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مملکت کی سلامتی کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ریاض کے دورے کے دوران سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر خادم الحرمین الشرمین، ولی عہد اور سعودی عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور سعودی عرب کی ترقی و خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے سعودی عرب کی سلامتی اور خودمختاری کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے مملکت پر ہونے والے حوثی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان مشکل وقت میں اپنے برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے سعودی قیادت کے کردار کو بھی سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان معاشی و دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تزویراتی شراکت داری خطے میں امن اور معاشی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہے۔ ملاقات کے اختتام پر دوطرفہ تعلقات کو مختلف شعبوں میں مزید بلندیوں تک لے جانے کے لیے عزم کا اعادہ کیا گیا۔