Business
پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی، نئی قیمتوں کا اعلان
حکومت نے جمعرات کو پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں معمولی کمی کا اعلان کر دیا ہے جو جمعہ سے نافذ العمل ہوگی۔ نئی تر ترمیم کے بعد پٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں کمی سے عوام کو کچھ ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
وفاقی حکومت نے جمعرات کے روز پٹرول کی قیمت میں 84 پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت میں 2 روپے 63 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔ اس نئی قیمتوں کی رد و بدل کے بعد اب پٹرول 389 روپے 28 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 412 روپے 12 پیسے فی لیٹر فروخت ہوگا۔ پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق یہ نئی قیمتیں جمعہ سے نافذ العمل ہو چکی ہیں، جن کا مقصد عالمی منڈی کے اتار چڑھاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے صارفین کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق حکومت پٹرول پر 114 روپے فی لیٹر اور ڈیزل پر 100 روپے فی لیٹر کے حساب سے ٹیکس اور ڈیوٹیز وصول کر رہی ہے۔ یاد رہے کہ مشرق وسطیٰ کے تنازع اور عالمی مارکیٹ میں تیل کی سپلائی میں خلل کے بعد سے قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا تھا، جس کے بعد حکومت نے ہنگامی بنیادوں پر کئی اقدامات کیے ہیں۔ عالمی مارکیٹ کی صورتحال کے پیش نظر حکومت نے کچھ عرصہ قبل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ بھی کیا تھا تاکہ بین الاقوامی منڈی کے رحجانات کا فوری اثر صارفین تک پہنچایا جا سکے۔ پٹرول بنیادی طور پر نجی سواریوں، چھوٹی گاڑیوں، رکشوں اور موٹر سائیکل سواروں کے زیرِ استعمال آتا ہے، اس لیے اس کی قیمتوں میں ہونے والی تبدیلی براہِ راست متوسط اور نچلے طبقے کے افراد کو متاثر کرتی ہے۔ دوسری جانب، ہائی اسپیڈ ڈیزل کا استعمال ہیوی ٹرانسپورٹ، زرعی ٹیوب ویلز، پاور پلانٹس اور بڑے جنریٹرز میں کیا جاتا ہے، جس کی وجہ سے ڈیزل کی قیمتوں کا اثر عام اشیاء اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں پر بھی پڑتا ہے۔ پیٹرول اور ڈیزل ملکی معیشت اور محصولات کے لحاظ سے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ ان کی ماہانہ فروخت لاکھوں ٹن تک پہنچتی ہے۔ حکومت کی جانب سے حالیہ مہینوں میں ایندھن کی بچت کے لیے مختلف اقدامات کے ساتھ ساتھ موٹر سائیکل، آٹوز اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کے لیے خصوصی ریلیف اسکیمز کا اعلان بھی کیا گیا ہے تاکہ عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے بوجھ کو کم کیا جا سکے۔