Pakistan
پاکستان میں موسم کی صورتحال: محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے کی نئی پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے ملک کے اکثر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ دوسری جانب این ڈی ایم اے نے 25 سے 30 ستمبر کے دوران بالائی علاقوں میں شدید بارشوں اور فلیش فلڈ کی وارننگ جاری کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے جبکہ اس کے برعکس ملک کے بالائی اور شمال مغربی حصوں میں موسم کا مزاج تبدیل ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی پنجاب کے چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع کی جا رہی ہے۔ حالیہ دنوں میں اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف حصوں میں ہونے والی موسلا دھار بارش نے موسم کو قدرے خوشگوار بنایا ہے تاہم میدانی علاقوں میں تاحال گرمی کا زور برقرار ہے۔ دوسری جانب نیشنل ڈاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 25 سے 30 ستمبر کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں اور ممکنہ فلیش فلڈ یعنی طغیانی کے حوالے سے ایک سخت وارننگ جاری کی ہے۔ متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہیں کیونکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث اچانک موسمی شدت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کے آخری مرحلے میں اس طرح کے موسمیاتی نظام کا بننا معمول کا حصہ ہے تاہم عوام بالخصوص سیاحت کے شوقین افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور محکمہ موسمیات کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔