LIVE
Loading Breaking News...

این ڈی ایم اے کی وارننگ: بالائی علاقوں میں شدید بارشیں اور سیلاب کا خطرہ

News Image
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے 25 سے 30 ستمبر تک ملک کے بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں اور طغیانی کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ اس دوران اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف حصوں میں بھی بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں بدلتی ہوئی موسمی صورتحال کے پیش نظر ایک اہم انتباہ جاری کیا ہے، جس کے مطابق 25 سے 30 ستمبر کے دوران پاکستان کے بالائی اور شمالی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا نیا سلسلہ متوقع ہے۔ اس متوقع بارش کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں فلیش فلڈز (اچانک سیلاب) انے کے خطرات بڑھ گئے ہیں، جس پر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے کے ذرائع کے مطابق، حالیہ دنوں میں اسلام آباد، خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع اور پنجاب کے بعض حصوں میں بھی بارشوں کی اطلاعات ملی ہیں جبکہ ملک کے میدانی علاقوں میں موسم زیادہ تر گرم اور خشک ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ تاہم ستمبر کے آخری ہفتے میں آنے والے اس نئے بارشوں کے سسٹم سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے اور بالائی علاقوں میں سردی کی ہلکی دستک بھی محسوس کی جا سکتی ہے۔ متعلقہ انتظامیہ اور پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (پی ڈی ایم اے) کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل رکھیں اور نشیبی علاقوں سے عوام کو بروقت آگاہی فراہم کریں۔ مسافروں اور سیاحت سے وابستہ افراد کو بھی اس دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور بالائی علاقوں کے سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی سختی سے ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔