LIVE
Loading Breaking News...

معیشت اب مستحکم اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے: وزیراعظم شہباز شریف

News Image
وزیر اعظم شہباز شریف نے نیویارک میں امریکی کاروباری وفود سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ معیشت مستحکم ہو چکی ہے اور ترقی کی طرف بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کان کنی اور نجکاری کے شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع اجاگر کیے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت اب مکمل طور پر مستحکم ہو چکی ہے اور ملک پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81 ویں سیشن کی سائیڈ لائنز پر یو ایس پاکستان بزنس کونسل اور یو ایس بزنس کونسل فار انٹرنیشنل انڈر اسٹینڈنگ کے وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے معیشت کی ڈیجیٹائزیشن، فیڈرل بورڈ آف ریوینیو اور ای گورننس سمیت کئی اہم شعبوں میں بڑے پیمانے پر ساختیاتی اصلاحات کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود پاکستان اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے اور معاشی استحکام کے ثمرات اب سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں زراعت، کان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ زرعی شعبے میں جدید مشینری اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے لاگت میں کمی اور پیداوار میں اضافہ ممکن ہے کیونکہ پاکستان اس شعبے میں بے پناہ صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے نوجوان آبادی کو پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ووکیشنل اور اسلز ٹریننگ کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنایا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم نے نجکاری کے عمل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی نجکاری کی جا رہی ہے جبکہ بینکنگ اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے معاملات بھی تیز رفتاری سے آگے بڑھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ نجی شعبے کو سہولت فراہم کرنا اور ایک معاون کا کردار ادا کرنا ہے۔ دریں اثنا، نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے خطے کی صورتحال، مشرق وسطیٰ کے امور اور دہشت گردی کے خلاف جنگ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے سربراہ نے عالمی امن کے لیے پاکستان کے کردار، سیکیورٹی کونسل میں خدمات اور انسداد دہشت گردی کی قربانیوں کو سراہا۔ وزیر اعظم نے شہزادہ رحیم آغا خان سے بھی ملاقات کی اور ملک میں سماجی و معاشی ترقی کے لیے اسماعیل کمیونٹی اور آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کی خدمات کی تعریف کی۔