Sports
ویرات کوہلی کا 2027 ورلڈ کپ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان
بھارتی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی نے اعلان کیا ہے کہ سنہ 2027 کا ایک روزہ ورلڈ کپ ان کے کیریئر کا آخری ورلڈ کپ ہوگا۔ کوہلی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ ٹرافی جیتنے کے لیے میدان میں اپنی تمام صلاحیتیں نچھاور کر دیں گے۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سینیئر بلے باز ویرات کوہلی نے ایک بڑے انکشاف میں کہا ہے کہ آئندہ برسوں میں ہونے والا 50 اوورز کا ورلڈ کپ بھارت کے لیے ان کا آخری عالمی ٹورنامنٹ ہوگا۔ ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ 54 سنچریاں بنانے والے کوہلی اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں اور اب وہ صرف ون ڈے فارمیٹ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہیں۔ 37 سالہ بلے باز نے ون ڈے انٹرنیشنلز میں 14,941 رنز اسکور کیے ہیں، جو کہ سچن ٹنڈولکر کے 18,426 رنز کے بعد دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ رنز ہیں۔ کوہلی نے 2011 میں اپنے وطن میں ورلڈ کپ جیتا تھا جبکہ 2023 کے فائنل میں انہیں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کی میزبانی میں اکتوبر سے نومبر تک کھیلا جانے والا 2027 کا ایڈیشن ویرات کوہلی کا پانچواں ون ڈے ورلڈ کپ ہوگا۔ براڈکاسٹر جیو سٹار سے بات کرتے ہوئے کوہلی کا کہنا تھا کہ یہ ان کا آخری ورلڈ کپ ہوگا جو وہ بھارت کے لیے کھیلیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہی چیز ان کے لیے سب سے بڑی تحریک ہے اور وہ اپنا سب کچھ میدان میں چھوڑ دینا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کا بنیادی مقصد یقیناً ورلڈ کپ جیتنا ہے اور اس کے لیے جو بھی کرنا پڑا، وہ اس کے لیے بالکل تیار ہیں۔ کوہلی نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ 50 اوورز کے ورلڈ کپ کے تقاضے کرکٹ کے مشکل ترین چیلنجز میں سے ایک ہیں، خاص طور پر جب یہ ٹورنامنٹ ملک سے باہر کھیلا جا رہا ہو۔ ان کے مطابق ایک روزہ ورلڈ کپ کی شدت کسی بھی دوسری چیز سے زیادہ ہوتی ہے کیونکہ اب یہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کی سطح کی شدت کے حامل دس میچوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ آپ ایک ہی دن میں اڑائی سے تین ٹی ٹوئنٹی میچوں جتنا کھیل رہے ہوتے ہیں اور ایک بڑے ٹورنامنٹ میں اتنے میچوں کے دوران اس شدت کو برقرار رکھنا ایک بہت بڑا کام ہے۔ دوسری جانب سابق کپتان روہت شرما، جو اب صرف ون ڈے کرکٹ ہی کھیلتے ہیں، نے کہا ہے کہ وہ بھی ایک اور ورلڈ کپ مہم کے امکان سے پوری طرح متحرک ہیں۔ روہت اور کوہلی دونوں کو ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے لیے بھارتی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جس کا پہلا میچ اتوار کو ترواننت پورم میں کھیلا جائے گا۔