LIVE
Loading Breaking News...

بینکاک میں سیلاب، ڈیزاسٹر ڈکلیئر، ہزاروں افراد بے گھر

News Image
تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں شدید اور مسلسل بارشوں کے بعد سیلابی ایمرجنسی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ سیلاب کے باعث ہزاروں متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر قائم عارضی پناہ گاہوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں گزشتہ کئی روز سے جاری موسلا دھار بارشوں کے بعد خوفناک سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، جس کے پیش نظر انتظامیہ نے شہر بھر میں باضابطہ طور پر ڈیزاسٹر یعنی آفت زدہ زون کا اعلان کر دیا ہے۔ مسلسل بارشوں کے نتیجے میں شہر کے اہم شاہراہیں اور تجارتی مراکز زیر آب آ گئے ہیں، جس سے نظامِ زندگی مکمل طور پر مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث ہزاروں شہریوں کو اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے جنہوں نے حکومت کی جانب سے قائم کردہ عارضی پناہ گاہوں میں پناہ لے رکھی ہے۔ حالات کی سنگین نوعیت کو دیکھتے ہوئے حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے دو روزہ عام تعطیل کا اعلان بھی کیا ہے تاکہ سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم کیا جا سکے اور ریسکیو اداروں کو امدادی کارروائیاں انجام دینے میں آسانی ہو۔ امدادی ٹیمیں کشتیوں کی مدد سے سیلاب میں گھرے ہوئے افراد کو نکال کر محفوظ مقامات پر پہنچانے میں مصروف ہیں۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے گھنٹوں میں مزید بارشیں ہو سکتی ہیں، جس سے صورتحال مزید پیچیدہ ہونے کا خدشہ ہے۔ بینکاک کے کئی نشیبی علاقوں میں پانی گھروں کے اندر داخل ہو چکا ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ حکومت اور بلدیاتی اداروں کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں خوراک، صاف پانی اور طبی امداد پہنچانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی نقصان سے بچا جا سکے۔