Pakistan
وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم: نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا جائزہ اجلاس
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے وزیراعظم کے خصوصی فیول ریلیف پیکج پر عمل درآمد کا تفصیلی جائزہ لیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے حکومت کے تمام اداروں کی مربوط حکمت عملی کو سراہتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعظم کے خصوصی فیول ریلیف پیکج پر عمل درآمد کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران متعلقہ حکام نے نائب وزیراعظم کو فیول سبسڈی اسکیم کے تحت اب تک ہونے پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں آگاہ کیا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق اس فلاحی اسکیم پر تقریبا پانچ سو ارب روپے تک کی لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے جس کا مقصد مہنگائی کے اس دور میں عام آدمی کو براہ راست ریلیف فراہم کرنا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے حکومتی اداروں کی 'ہول آف گورنمنٹ' اپروچ کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ عوام تک ریلیف کی منصفانہ اور شفاف فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا یہ اقدام غریب اور متوسط طبقے کے مالی بوجھ کو کم کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ دوسری جانب آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے بھی اس ضمن میں فوری کارروائی کرتے ہوئے ملک بھر کی اکتالیس آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (OMCs) کو سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔ اوگرا کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق تمام پیٹرول پمپس پر وزیراعظم کے فیول ریلیف پیکج کے سائن بورڈز اور بینرز نمایاں جگہوں پر آویزاں کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ صارفین اس اسکیم سے باآسانی آگاہی حاصل کر سکیں۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ اس اسکیم سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بہتری آئے گی بلکہ اشیائے ضروریہ کی نقل و حمل کے اخراجات میں کمی کے باعث مہنگائی کی لہر کو بھی کافی حد تک روکا جا سکے گا۔ حکومت کی جانب سے اس پیکج کی کامیاب تکمیل کے لیے تمام متعلقہ وزارتوں اور محکموں کو باہم قریبی تعاون کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ اس فلاحی پروگرام کے فوائد بلا تاخیر نچلی سطح تک پہنچ سکیں۔