LIVE
Loading Breaking News...

وزیراعظم شہباز شریف کی لندن میں عالمی مالیاتی اداروں کے سربراہان سے ملاقاتیں

News Image
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے لندن میں دنیا کے سرکردہ مالیاتی اداروں کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کی ہیں اور انہیں پاکستان کے بہتر ہوتے ہوئے معاشی ماحول سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے لندن اسٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ کا افتتاح کرنے والے پہلے پاکستانی وزیرِ اعظم بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنے دورۂ لندن کے دوران دنیا کے معروف مالیاتی اداروں کے سینیئر ایگزیکٹوز سے ملاقاتیں کی ہیں اور انہیں پاکستان میں اپنی خدمات کو وسعت دینے اور سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی ہے۔ لندن میں مصروف ترین دن کے دوران وزیراعظم نے بارکلیز، جے پی مورگن، سٹی، بلیک راک اور روتھسچلڈ اینڈ کو کے اعلیٰ حکام کے ساتھ تفصیلی نشستیں کیں۔ وزیراعظم آفس کے مطابق، ان ملاقاتوں سے پاکستان کے معاشی اصلاحاتی ایجنڈے اور بہتر ہوتے ہوئے سرمایہ کاری کے ماحول میں عالمی مالیاتی شعبے کی بڑھتی ہوئی دلچسپی ظاہر ہوتی ہے۔ دورے کے آغاز پر وزیراعظم شہباز شریف نے لندن اسٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ کا سیشن افتتاح کرنے والے پہلے پاکستانی وزیراعظم کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے اس موقع پر پاکستان کے تین ارب ڈالر کے تاریخی ڈوئل ٹرانش سوورین یورو بانڈ کا بھی باضابطہ آغاز کیا۔ لندن اسٹاک ایکسچینج کے دورے کے دوران وزیرِ اعظم نے معاشی اشاریوں کی بہتری اور حکومت کی سنجیدہ پالیسیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عالمی سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان ایک محفوظ اور انتہائی منافع بخش منڈی بن چکا ہے جہاں غیر ملکی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ جے پی مورگن، بارکلیز، سٹی اور بلیک راک کے وفود سے ملاقاتوں میں وزیرِ اعظم نے کیپٹل مارکیٹس، تجارتی مالی معاونت اور کارپوریٹ بینکنگ میں شراکت داری کو مزید گہرا کرنے پر زور دیا۔ بلیک راک کے وفود کے ساتھ ملاقات میں پاکستان کی ایکویٹیز اور فکسڈ انکم میں سرمایہ کاری بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دیگر مالیاتی اداروں نے بھی پاکستان کی معاشی اصلاحاتی رفتار پر اعتماد کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب اور نجکاری کمیشن کے سربراہ محمد علی بھی ان اہم ملاقاتوں میں وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔