LIVE
Loading Breaking News...

ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس، بھارتی جھوٹے دعوے بے نقاب

News Image
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھارتی دعوؤں کو مٹی میں ملا دیا اور مبینہ طور پر بھارتی کارروائی میں ہلاک ہونے والے پاکستانی شہری محمد آصف کو زندہ میڈیا کے سامنے پیش کر دیا۔ اس موقع پر محمد آصف نے بھارتی دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے خود کو خیریت سے ہونے کی تصدیق کی۔
راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت کے اس جھوٹے اور من گھڑت دعوے کو مکمل طور پر بے نقاب کر دیا ہے جس میں بھارتی میڈیا اور حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایک پاکستانی دہشت گرد کو ہلاک کر دیا ہے۔ جمعرات کو راولپنڈی میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آخر اس تمام ڈرامے کی کیا ضرورت تھی، اور اس دوران انہوں نے مبینہ طور پر ہلاک ہونے والے سابق پاکستانی فوجی محمد آصف کو زندہ اور سلامت میڈیا کے سامنے پیش کر دیا۔ پریس کانفرنس کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارتی پروپیگنڈے کا پانچ نکاتی ٹائم لائن پیش کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح بھارتی فوج، وزارت داخلہ اور میڈیا نے مل کر ایک جھوٹا فالس فلیگ آپریشن اسٹیج کیا۔ انہوں نے بتایا کہ انڈین آرمی کی چنار کور نے سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا تھا کہ کوراگ کے علاقے میں ایک جوائنٹ آپریشن کے دوران لشکرِ طیبہ کے ایک دہشت گرد کو ہلاک کیا گیا ہے، جسے بعد میں بھارتی میڈیا نے محمد آصف کے نام سے منسوب کیا۔ بھارتی حکام نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ یہ مبینہ دہشت گرد پاک فوج کے ایس ایس جی (SSG) سے تعلق رکھتا تھا اور کئی حملوں میں ملوث تھا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے انڈین میڈیا کے اس ڈرامے کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ اب ان شرمناک کرداروں کو کم از کم اپنے یہ جھوٹے بیانات سوشل میڈیا سے ڈیلیٹ کر دینے چاہئیں۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران جب مبینہ طور پر ہلاک ہونے والے محمد آصف کو ڈائس پر بلایا گیا تو ہال میں موجود صحافی مسکرا دیے۔ محمد آصف نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ وہ ضلع اٹک کے رہائشی ہیں اور انہوں نے سال 2000 میں پاک فوج میں شمولیت اختیار کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ 2005 میں وہ ایس ایس جی کا حصہ بنے اور 18 سال تک بہادری سے فرائض انجام دینے کے بعد 2023 میں ریٹائرڈ ہو چکے ہیں، اور گزشتہ چند ماہ سے راولپنڈی میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔ محمد آصف نے بھارتی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جب انہیں سوشل میڈیا اور بھارتی نمبروں سے فون آنے لگے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں مارے گئے ہیں تو وہ خود حیران رہ گئے کیونکہ وہ اپنے گھر پر بالکل محفوظ اور زندہ بیٹھے تھے۔ انہوں نے بھارتی الزامات کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس موقع پر بھارتی حکومت اور اداروں کی جانب سے اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنے کی چھ وجوہات بیان کیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اس قسم کے ڈرامے اس لیے رچاتا ہے تاکہ وہ دہشت گردی میں اپنے ملوث ہونے کے شواہد کو چھپا سکے۔ انہوں نے بھارت کو دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد اسپانسر قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں اور خود بھارت کے اندر مقیم اقلیتوں، کشمیریوں، سکھوں اور مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اب دنیا کے سامنے عیاں ہو چکے ہیں۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان ایک باوقار قوم ہے اور دشمن کو منہ توڑ جواب دینا بخوبی جانتی ہے۔