Sports
کرکٹ ورلڈ کپ 2027: پاکستان اور بھارت ایک ہی گروپ میں شامل
آئی سی سی نے 2027 کے ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت روایتی حریف پاکستان اور بھارت کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کا آغاز 4 اکتوبر کو ہوگا جبکہ دونوں روایتی حریف جوہانسبرگ میں مد مقابل آئیں گے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے سال 2027 کے ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے بعد دنیا بھر کے شائقینِ کرکٹ میں جوش و خروش دوڑ گیا ہے۔ اعلان کردہ شیڈول کے مطابق دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور روایتی حریف پاکستان اور بھارت کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے جو ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے میں انتہائی سنسنی خیز اور یادگار مقابلے فراہم کریں گے۔ شیڈول کے مطابق بھارت اپنے ابتدائی دو میچوں میں پہلے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور پھر پاکستان کے خلاف میدان میں اترے گا۔ بھارت اور آسٹریلیا کا میچ 7 اکتوبر کو کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا جو کہ 2023 کے ورلڈ کپ فائنل کا ری پلے ہوگا۔ اس کے ٹھیک تین دن بعد یعنی 10 اکتوبر کو جوہانسبرگ کے وانڈررز اسٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کا انتہائی ہائی وولٹیج مقابلہ شیڈول کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ وانڈررز اسٹیڈیم ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا وینیو ہے اور اس تاریخی میچ کے ٹکٹوں کی مانگ میں غیر معمولی اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔ سیاسی کشیدگی کے باعث دونوں ممالک دو طرفہ سیریز نہیں کھیلتے اور وہ صرف آئی سی سی یا ایشین ایونٹس میں ہی ایک دوسرے کے خلاف مد مقابل آتے ہیں، جس کی وجہ سے پاک بھارت میچ کو دنیا کا سب سے بڑا کھیلوں کا مقابلہ مانا جاتا ہے۔ یاد رہے کہ 2027 کا یہ میگا ایونٹ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کا باضابطہ آغاز 4 اکتوبر کو ہوگا جبکہ اس کا فائنل میچ 27 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کے تحت ابتدائی رائونڈ میں نچلی رینکنگ کی ٹیموں کو باہر کیا جائے گا، جس کے بعد 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ راؤنڈ رابن مرحلے کے بعد ہر گروپ کی سرفہرست تین ٹیمیں اور بہترین چوتھی ٹیم سپر سیون مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی، جس کے بعد سیمی فائنل اور فائنل کی جنگ لڑی جائے گی۔ گروپ اے میں پاکستان اور بھارت کے ساتھ افغانستان، میزبان زمبابوے اور ایک اور کوالیفائر ٹیم بھی شامل ہوگی۔