LIVE
Loading Breaking News...

فلائی دبئی پرواز واقعہ: یو اے ای کا تحقیقات کا آغاز، بھارتی پائلٹ ہیرو قرار

News Image
متحادہ عرب امارات کے چیف پراسیکیوٹر نے فلائی دبئی کی پرواز میں پیش آنے والے ہنگامی واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے جو کاک پٹ میں کشیدگی کے بعد سعودی عرب میں اتاری گئی تھی۔ اسرائیلی حکام اور وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے اس واقعے کو دہشت گردی کی کوشش قرار دیتے ہوئے بھارتی پائلٹ سمیت مسافروں کی بہادری کو سراہا ہے۔
متحادہ عرب امارات (یو اے ای) کے چیف پراسیکیوٹر نے جمعرات کے روز دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 1073 کے واقعے کی باضابطہ تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ یہ طیارہ کاک پٹ میں پیش آنے والے ایک تنازع اور ہنگامی صورتحال کے بعد سعودی عرب میں بحفاظت اترنے پر مجبور ہوا تھا۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق، اٹارنی جنرل کی ہدایت پر تحقیقاتی ٹیم نے اس واقعے کے محرکات کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا اس واقعے کا تعلق کسی عسکریت پسند سرگرمی سے تھا یا اس کی پہلے سے کوئی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔ اماراتی حکام کے مطابق، چونکہ طیارہ یو اے ای میں رجسٹرڈ ہے اس لیے اس پر ملکی قوانین کا اطلاق ہوتا ہے چاہے یہ واقعہ ملک کی فضائی حدود سے باہر ہی کیوں نہ پیش آیا ہو۔ مسافروں کے مطابق طیارہ اچانک چند ہی لمحوں میں ہزاروں فٹ نیچے چلا گیا تھا جس کے بعد کاک پٹ میں افرا تفری پھیل گئی۔ فلائی دبئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام مسافر محفوظ ہیں جن میں سے اکثریت اسرائیلی شہریوں پر مشتمل تھی، تاہم واقعے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ دوسری جانب، اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ پرواز کے کو پائلٹ نے مبینہ طور پر طیارے کو گرانے کی کوشش کی تھی جس پر پائلٹ اور مسافروں نے بروقت مداخلت کر کے ایک بڑے فضائی حادثے کو ٹال دیا۔ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے بھارتی نژاد زخمی پائلٹ اسمِت مچھڑ اور مسافروں کی غیرمعمولی بہادری کی تعریف کی، جبکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی پائلٹ کو ہیرو قرار دیتے ہوئے ان کی جرأت کو سراہا۔ اسرائیلی حکام نے اس واقعے کو ایک دہشت گردانہ حملہ قرار دیا ہے اور یو اے ای کے ساتھ مل کر سلامتی کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف تعاون کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ دریں اثنا، سعودی عرب کے ایک باخبر ذریعے کے مطابق ریاض نے مسافروں کو واپس لے جانے کے لیے اسرائیل کی جانب سے اپنی جنگی یا تجارتی پروازیں بھیجنے کی درخواستیں مسترد کر دی تھیں، تاہم مملکت نے بین الاقوامی اصولوں کے تحت تمام مسافروں کو مکمل امداد فراہم کی۔ فلائی دبئی نے اس واقعے کی شفاف تحقیقات مکمل ہونے تک اسرائیل کے لیے اپنی تمام پروازیں عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ مسافروں کو دوسری پرواز کے ذریعے تل ابیب پہنچا دیا گیا ہے۔