Pakistan
ڈی آئی خان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، تین دہشت گرد ہلاک
سکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک کامیاب آپریشن کے دوران تین دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ وزیر اعظم نے سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی اور بہادری کو سراہتے ہوئے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز نے ایک اہم اور کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (IBO) کے دوران تین خطرناک دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ ریاستی میڈیا کے مطابق سکیورٹی فورسز کو علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع ملی تھی، جس پر فوری طور پر کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں تینوں دہشت گرد مارے گئے۔
حالیہ دنوں میں خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی گئی ہے۔ ملک کے مختلف حصوں بالخصوص افغان سرحد کے قریب سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان جھڑپوں کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جن میں متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔ سکیورٹی اداروں کا عزم ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھڑ پھینکنے تک یہ کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
ادھر وزیر اعظم پاکستان نے ڈیرہ اسماعیل خان میں کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں اور ملک کے دفاع کے لیے ان کی قربانیاں قابلِ فخر ہیں۔ وزیر اعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریاست کے امن کو خراب کرنے والوں اور ملک دشمن عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور ملک میں مکمل امن کا قیام یقینی بنایا جائے گا۔