LIVE
Loading Breaking News...

ویٹیکن کے سیکرٹری برائے خارجہ امور آرچ بشپ پال رچرڈ گیلاگر کا دورہ پاکستان

News Image
ویٹیکن کے اعلیٰ عہدیدار آرچ بشپ پال رچرڈ گیلاگر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر 8 سے 10 اکتوبر تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ یہ دورہ پاکستان اور ویٹیکن کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر ہو رہا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ ویٹیکن کے سیکرٹری برائے امورِ ریاست و بین الاقوامی تنظیمیں آرچ بشپ پال رچرڈ گیلاگر 8 سے 10 اکتوبر تک پاکستان کا ایک اہم سرکاری دورہ کریں گے۔ یہ دورہ نائب وزیراعظم اور وزیر الخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی خصوصی دعوت پر عمل میں آ رہا ہے۔ اس دورے کی خاص بات یہ ہے کہ یہ پاکستان اور ویٹیکن کے درمیان باضابطہ سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر طے پایا ہے، اور ویٹیکن کے کسی بھی سیکرٹری برائے خارجہ تعلقات کا یہ پہلا تاریخی دورہ پاکستان ہوگا۔ اپنے اس تین روزہ دورے کے دوران، آرچ بشپ گیلاگر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے باضابطہ ملاقات کریں گے جس میں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور، بین المذاہب ہم آہنگی، عالمی و علاقائی صورتحال اور امن کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں، توقع کی جا رہی ہے کہ معزز مہمان وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے تاکہ دونوں ریاستوں کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے راہیں تلاش کی جا سکیں۔ اس اہم دورے کا ایک اور بڑا مقصد پاکستان میں موجود مسیحی اور خصوصاً کیتھلک کمیونٹی کے ارکان کے ساتھ میل ملاقات کرنا اور ان کے مسائل اور جذبات سے آگاہی حاصل کرنا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق، آرچ بشپ پال رچرڈ گیلاگر کا یہ دورہ دونوں حکومتوں کے مابین طویل عرصے سے قائم دوستانہ تعلقات میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ دورہ اس بات کا غماز ہے کہ پاکستان اور ویٹیکن باہمی تفہیم، تعاون، اعتماد اور دنیا بھر میں بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کے فروغ کے لیے کس قدر پرعزم ہیں۔ حکومتی حلقوں کی جانب سے اس دورے کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے اور اسے دونوں ریاستوں کے مابین سفارتی تاریخ میں ایک نیا باب قرار دیا جا رہا ہے۔