LIVE
Loading Breaking News...

فلپائن میں آتش فشاں کا دھماکہ، چھ کلومیٹر بلند راکھ کا بادل

News Image
فلپائن کے مرکزی علاقے میں واقع کوہ کانلاون آتش فشاں پھٹ گیا جس کے نتیجے میں آسمان پر چھ کلومیٹر بلند راکھ اور دھوئیں کا بادل اٹھا۔ حکام نے قریبی علاقوں میں الرٹ جاری کرتے ہوئے مکینوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
فلپائن کے مرکزی حصے میں واقع مشہور آتش فشاں کوہ کانلاون میں ہفتے کے روز ایک زور دار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں آسمان کی طرف گہرے دھوئیں اور راکھ کے بادل بلند ہوئے۔ مقامی زلزلہ پیما اور آتش فشاں سے متعلق اداروں کے مطابق دھماکے کے بعد راکھ کا یہ طوفان تقریباً چھ کلومیٹر کی بلندی تک پہنچ گیا، جس نے قریبی فضا کو مکمل طور پر اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ حکام کی جانب سے جاری کردہ ابتدائی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اس اچانک آتشفشانی عمل کے بعد اردگرد کے علاقوں میں راکھ کی ہلکی بارش بھی دیکھی گئی ہے، جس سے مقامی لوگوں کو سانس لینے اور نقل و حرکت میں مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ آتش فشاں سے نکلنے والے زہریلے مادے اور گرم لاوا کے بہاؤ سے قریبی بستیوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے، اس لیے ایمرجنسی سروسز کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ فلپائنی حکام نے متاثرہ اور خطرناک زونز میں رہنے والے تمام شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات یا عحضی کیمپوں میں منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ ریسکیو ٹیمیں اور ضلعی انتظامیہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہی ہیں تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے اور کسی جانی نقصان کو روکا جا سکے۔ واضح رہے کہ فلپائن کا شمار دنیا کے ان خطوں میں ہوتا ہے جہاں آتش فشاں اور زلزلوں کی سرگرمیاں معمول کا حصہ ہیں۔ کوہ کانلاون بھی ملک کے فعال ترین آتش فشانوں میں شمار ہوتا ہے، اور ماضی میں بھی اس کی سرگرمیوں کی وجہ سے الرٹ جاری کیے جاتے رہے ہیں۔ متعلقہ اداروں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر دھیان نہ دیں اور صرف سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔