Pakistan
اقوام متحدہ میں پاکستان کا بھارت پر دہشت گردی کی سرپرستی کا الزام
پاکستان نے اقوام متحدہ میں واضح کیا ہے کہ بھارت کالعدم تنظیموں کی سرپرستی کر کے خطے میں دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے۔ پاکستانی مشن کے کونسلر نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اس ریاستی دہشت گردی کا فوری نوٹس لے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کے کونسلر محمد جواد اجمل نے عالمی ادارے کے پلیٹ فارم سے دوٹوک انداز میں کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین اور پراکسیز کا استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری کو خبردار کیا کہ نئی دہلی خطے میں امن اور استحکام کو سبوتاژ کرنے کے لیے مسلسل عسکریت پسند گروہوں کی مالی اور عسکری معاونت کر رہا ہے۔
اپنے خطاب کے دوران پاکستانی سفارتکار نے واضح کیا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) جیسی دہشت گرد تنظیموں کو بھارتی خفیہ اداروں کی سرپرستی حاصل ہے۔ یہ تنظیمیں افغانستان میں محفوظ پناہ گاہیں استعمال کرتے ہوئے پاکستان کے اندر معصوم شہریوں اور سکیورٹی فورسز کو نشانہ بناتی ہیں۔ اسلام آباد کے پاس اس بات کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں کہ بھارت خطے میں اپنے مذموم مقاصد کے لیے پراکسی وار چلا رہا ہے۔
محمد جواد اجمل نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لے اور بھارت کو دہشت گرد گروہوں کی پشت پناہی سے روکے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام اس وقت تک ناممکن ہے جب تک بیرونی طاقتیں خطے کے اندرونی معاملات میں مداخلت بند نہیں کرتیں۔ پاکستان نے ایک بار پھر عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ اپنی سلامتی کے دفاع اور دہشت گردی کے اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھاتا رہے گا۔