World
پوپ لیو کا پھیپھڑے کا آپریشن، ڈاکٹروں نے حالت نارمل قرار دے دی
پوپ لیو چودہ کے پھیپھڑے کے کامیاب آپریشن کے بعد ڈاکٹروں نے ان کی حالت کو نارمل قرار دے دیا ہے اور وہ اسپتال کے کمرے میں چہل قدمی بھی کر رہے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان سمیت دنیا بھر کے رہنماؤں نے پوپ کی صحت اور جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
روم کے جمیلی اسپتال میں کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو چودہ کے پھیپھڑے سے کینسر کی رسولی نکالنے کا کامیاب آپریشن کیا گیا ہے جس کے بعد ڈاکٹروں نے ان کی صحت کو تسلی بخش اور نارمل قرار دیا ہے۔ ویٹیکن کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پوپ لیو آپریشن کے اگلے ہی روز بستر سے اٹھ گئے، انہوں نے چہل قدمی کی اور ناشتے اور دوپہر کے کھانے میں بھی حصہ لیا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کے خون کے ٹیسٹ اور سینے کے ایکسرے رپورٹس معمول کے مطابق ہیں اور بحالی کا عمل متوقع رفتار سے جاری ہے۔
اسپتال کے معالجین لوئیجی کاربون اور اسٹیفانو مارگاریٹورا نے بتایا کہ تمام طبی پیمانے مطلوبہ حد کے اندر ہیں۔ پوپ لیو کو سانس کی بحالی کی فزیوتھراپی بھی دی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ منگل کے روز پوپ کے پھیپھڑے کا ایک حصہ کامیابی سے نکال لیا گیا تھا جس کے بعد ان کی بایوپسی کے نتائج کا انتظار کیا جا رہا ہے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ کینسر کتنی حد تک پھیلا ہوا تھا۔ ویٹیکن کے ذرائع کے مطابق کینسر کا ابتدائی مرحلے میں پتہ چل گیا تھا اور ڈاکٹروں نے امید ظاہر کی ہے کہ ایک ہفتے کے اندر وہ اسپتال سے ڈسچارج ہو جائیں گے، تاہم ان کی تمام ملاقاتیں بیس اکتوبر تک منسوخ کر دی گئی ہیں۔
اسپتال میں پوپ لیو کی عیادت اور ان کی صحت کے لیے دنیا بھر سے دعائیہ پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں پوپ لیو چودہ کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے پوپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں اور پاکستان کی مسیحی برادری سمیت پورا ملک ان کی اچھی صحت کا خواہاں ہے۔ اس کے علاوہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانی سمیت کئی عالمی رہنماؤں نے بھی پوپ کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی صحت کے لیے دعائیں کیں۔
اس غیر متوقع طبی صورتحال کے بعد کیتھولک چرچ میں کچھ عرصے کے لیے بے یقینی کی فضا ضرور پیدا ہوئی ہے کیونکہ پوپ کا شمار ایک انتہائی فعال اور صحت مند رہنما میں ہوتا ہے۔ تاہم، طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کینسر ابتدائی مراحل میں ہے تو وہ چند ہفتوں کے اندر اپنی معمول کی سرگرمیوں کی طرف واپس آ سکتے ہیں۔ ماہرین اور ویٹیکن کے تجزیہ کاروں کے مطابق پوپ کا یہ حالیہ طبی چیلنج دنیا بھر میں ان کے مداحوں اور پیروکاروں کے لیے تشویش کا باعث بنا ہے، لیکن ڈاکٹروں کی جانب سے مثبت رپورٹس آنے پر چرچ کے حلقوں میں اطمینان کی لہر دوڑ گئی ہے۔