LIVE
Loading Breaking News...

امریکہ کا ایران کے خلاف نئی ٹاسک فورس آئرن گیٹ کے قیام کا اعلان

News Image
امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایران کی زمینی سرحدوں اور بحیرہ کیسپین کے راستے اسلحہ اور ممنوعہ سامان کی ترسیل روکنے کے لیے 'ٹاسک فورس آئرن گیٹ' قائم کر دی ہے۔ اس نئے اقدام کا مقصد ایران پر اقتصادی اور عسکری دباؤ کو مزید بڑھانا اور اس کے مالیاتی ذرائع کو کمزور کرنا ہے۔
امریکہ کی جانب سے ایران پر عائد سمندری ناکہ بندی کے بعد اب امریکی فوج نے ایک نئی ٹاسک فورس 'آئرن گیٹ' کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ اس کا مقصد تہران کی جانب سے اپنی زمینی سرحدوں اور بحیرہ کیسپین کے راستے جدید ہتھیاروں اور دیگر ممنوعہ مواد کی نقل و حرکت کو سختی سے محدود کرنا ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، فلوریڈا کے شہر ٹمپا میں قائم کی جانے والی اس ٹاسک فورس میں بیس سویلین اور فوجی اہلکار شامل ہوں گے جو دیگر امریکی سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ سینٹکام کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نئی ٹیم کا مقصد ایران کو دہشت گردی کی مالی معاونت، ہتھیاروں کے کارخانے دوبارہ تعمیر کرنے اور اپنی افواج کو مضبوط کرنے سے روکنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ نئی ٹاسک فورس امریکی بحبری ناکہ بندی کی کامیابی کو مزید مستحکم کرتی ہے۔ اس سے قبل امریکی دعوے کے مطابق، بحری ناکہ بندی کی وجہ سے ایران پچیس ارب ڈالر سے زائد مالیت کا خام تیل برآمد کرنے سے محروم ہو چکا ہے۔ یہ قدم امریکہ کی طرف سے ایران پر معاشی اور سفارتی دباؤ بڑھانے کی تازہ ترین کوششوں کا حصہ ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی کے بعد اٹھائی گئی ہیں۔ اگست میں امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے 'آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ' کا اعلان کیا تھا جس کا مقصد ان پانچ شعبوں کو نشانہ بنانا تھا جنہیں ایران اپنی معیشت کو سہارا دینے کے لیے استعمال کر رہا تھا۔ ان شعبوں میں ڈیجیٹل اثاثے، سونا، ٹیکنالوجی، ایوی ایشن اور جہاز رانی شامل ہیں۔ امریکہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ جون میں آبنائے ہرمز میں بحری ناکہ بندی بحال کی گئی تھی تاکہ ایرانی تیل کی برآمدات کو روکا جا سکے، جس کا اطلاق ایرانی ساحلوں اور تیل کے ٹرمینلز پر ہوتا ہے۔ اگرچہ اس ناکہ بندی کے باوجود تہران کچھ حد تک تیل اور مائع قدرتی گیس برآمد کرنے میں کامیاب رہا ہے، لیکن حالیہ اقدامات سے ایران کی معیشت اور رسد کے راستوں پر مزید دباؤ بڑھنے کی توقع کی جارہی ہے تاکہ اس کے مالیاتی وسائل کا خاتمہ کیا جا سکے۔