Pakistan
لاہور سیشن کورٹ میں خاتون کو ہراساں کرنے کا معاملہ، وزیراعلیٰ سے اپیل
لاہور کی سیشن کورٹ کے باہر برطانوی نژاد پاکستانی خاتون لامین نے اپنے سابق شوہر پر ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے کا الزام عائد کیا ہے۔ خاتون نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
لاہور سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ایک برطانوی نژاد پاکستانی خاتون لامین نے اپنی تین بیٹیوں کے نان نفقہ کے مقدمے کی پیروی کے دوران سیشن کورٹ کے احاطے میں اپنے سابق شوہر کی جانب سے مبینہ طور پر ہراساں کیے جانے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کا الزام عائد کیا ہے۔ اس حوالے سے متاثرہ خاتون نے اسلام پورہ پولیس اسٹیشن میں باضابطہ درخواست جمع کرا دی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وہ اپنے سابق شوہر کے خلاف ایک سماعت کے سلسلے میں عدالت میں پیش ہوئی تھیں اور اس دوران یہ ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔ خاتون کا کہنا ہے کہ عدالت سے واپسی پر نامعلوم افراد کے ہمراہ موجود ان کے سابق شوہر نے نہ صرف انہیں زبانی گالی گلوچ کا نشانہ بنایا بلکہ جج کے چیمبر کے باہر بھی دھمکیاں دینے کا سلسلہ جاری رکھا گیا۔
درخواست میں مزید الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزمان نے انہیں پولیس کی ہیلپ لائن پندرہ پر کال کرنے سے بھی روکا اور شدید ذہنی دباؤ کا شکار بنایا یہاں تک کہ وہ مشکل سے وہاں سے جان بچا کر نکلنے میں کامیاب ہوئیں۔ خاتون نے دعویٰ کیا کہ اس حوالے سے ویڈیو شواہد فراہم کرنے کے باوجود پولیس ابتدائی طور پر مقدمہ درج کرنے میں ہچکچاہٹ کا مظارہرہ کر رہی تھی۔ دوسری جانب اسلام پورہ پولیس اسٹیشن کے انکوائری افسر کا کہنا ہے کہ معاملے کی جانچ پڑتال کی جا چکی ہے اور ابتدائی طور پر کوئی قابلِ تعزیر جرم سامنے نہیں آیا۔ متاثرہ خاتون نے اس صورتحال میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں اور انہیں انصاف فراہم کریں۔
واضح رہے کہ اس قانونی تنازعے کا پس منظر طلاق اور بچوں کی کفایت سے جڑا ہوا ہے۔ سات سال قبل خلع لینے والی لامین کا کہنا ہے کہ فیملی کورٹ نے بچوں کی کسٹڈی کا فیصلہ ان کے حق میں دیا تھا جو حتمی شکل اختیار کر چکا ہے۔ اس کے علاوہ لاہور ہائیکورٹ نے بھی سابق شوہر کی جانب سے دائر کی گئی اس درخواست کو خارج کر دیا تھا جس میں تینوں بیٹیوں کے ماہانہ نان نفقہ کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا۔ عدالت نے واضح کیا تھا کہ والد اپنی مالی ذمہ داریوں سے فرار حاصل نہیں کر سکتا اور اسے بچوں کے اخراجات اٹھانا ہوں گے۔ تاہم نان نفقہ کی ادائیگی کے عدالتی احکامات پر عملدرآمد کے مراحل میں تاخیر کے باعث بچوں کو تاحال مقررہ رقم نہیں مل سکی ہے جبکہ لاہور ہائیکورٹ نے پہلے ہی اس بات پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد میں تاخیر نظامِ انصاف کے بنیادی مقصد کو متاثر کرتی ہے۔