LIVE
Loading Breaking News...

شمال مغربی پاکستان میں سکیورٹی آپریشن، 43 شدت پسند ہلاک

News Image
پاکستانی فوج نے تصدیق کی ہے کہ شمال مغربی علاقوں میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں میں 43 عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔ ان کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) اور سکیورٹی ذرائع کے مطابق ملک کے شمال مغربی علاقوں میں شدت پسندوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھی گئی ہیں، جن کے دوران مختلف جھڑپوں اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مجموعی طور پر 43 عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ سکیورٹی فورسز کا یہ عزم ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا اور اس مقصد کے لیے کارروائیوں میں تیزی لائی گئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق کارروائیوں کا دائرہ کار وزیرستان اور بنوں سمیت کئی اہم علاقوں تک پھیلا ہوا ہے۔ وزیرستان کے ایک علاقے میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 700 کلوگرام دھماکا خیز مواد اور بڑی مقدار میں اسلحہ اپنی تحویل میں لے لیا ہے، جو ممکنہ طور پر کسی بڑے دہشت گردانہ واقعے کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔ اس کے علاوہ بنوں میں بھی سکیورٹی فورسز نے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران متعدد عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ دوسری جانب میر علی کے علاقے میں کلیئرنس آپریشن تیسرے روز بھی جاری رہا، جہاں سکیورٹی فورسز نے پیش قدمی کرتے ہوئے ہرمز گائوں کو بھی اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔ فورسز کے جوان انتہائی جانفشانی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ان علاقوں میں سرچ آپریشنز چلا رہے ہیں تاکہ کسی بھی چھپے ہوئے شدت پسند یا بارودی سرنگ کو ناکارہ بنایا جا سکے۔ علاقے کے مکینوں اور مقامی میڈیا نیٹ ورکس نے بھی سکیورٹی فورسز کی ان کارروائیوں کو سراہا ہے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے پاک فوج کی قربانیوں کا اعتراف کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں امن وامان کی بحالی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اس طرح کے آپریشنز بلا تعطل اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک آخری دہشت گرد کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔