LIVE
Loading Breaking News...

عالمی یوم ذیابیطس: پاکستان میں مرض کی صورتحال اور احتیاطی تدابیر

News Image
پاکستان سمیت دنیا بھر میں کل عالمی یومِ ذیابیطس منایا جا رہا ہے جس کا مقصد اس موذی مرض سے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق ملک میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر ساڑھے تین کروڑ تک پہنچ گئی ہے۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں کل عالمی یومِ ذیابیطس منایا جائے گا تاکہ اس مرض سے بچاؤ اور اس کی بروقت تشخیص کے حوالے سے عوامی سطح پر شعور بیدار کیا جا سکے۔ اس دن کی مناسبت سے ملک کے مختلف شہروں میں واک، سیمینارز اور مفت طبی کیمپوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن میں اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں ڈی ایچ او کی جانب سے خصوصی واک اور رن کا اہتمام بھی شامل ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ذیابیطس اب ایک خاموش قاتل کی طرح دنیا بھر میں پھیل رہی ہے اور پاکستان میں اس کے اعداد و شمار انتہائی تشویشناک صورتحال اختیار کر چکے ہیں۔ تازہ ترین رپورٹس کے مطابق پاکستان میں اس وقت تقریباً ساڑھے تین کروڑ بالغ افراد اس موذی مرض کا شکار ہیں اور اگر صورتحال یہی رہی تو آنے والے برسوں میں اس بوجھ میں مزید دو گنا اضافہ ہو سکتا ہے۔ طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان اس وقت ذیابیطس کے ایک سنگین بحران سے گزر رہا ہے جس کی بنیادی وجوہات میں ناقص طرزِ زندگی، غیر متوازن خوراک، جسمانی ورزش کا فقدان اور ذہنی تناؤ سرفہرست ہیں۔ شوگر کی بیماری نہ صرف خود ایک بڑا مسئلہ ہے بلکہ یہ دل کی بیماریوں، گردوں کے فیل ہونے اور فالج جیسی خطرناک بیماریوں کا سبب بھی بنتی ہے۔ ڈاکٹرز اور ماہرِ غذائیت اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ متوازن غذا کا استعمال، روزانہ کی بنیاد پر چہل قدمی اور ورزش کو معمول بنانا اس بیماری سے بچاؤ کا سب سے موثر ذریعہ ہے۔ حکومت اور متعلقہ اداروں کو بھی چاہیے کہ وہ صحت عامہ کے اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے موثر حکمت عملی تیار کریں تاکہ عوام کو اس بیماری کے خطرات سے بچایا جا سکے اور ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کی جا سکے۔