LIVE
Loading Breaking News...

پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

News Image
بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق منگل کے روز سے کر دیا گیا ہے۔
حکومت نے پیر کے روز بین الاقوامی منڈی میں تیل کی گرتی ہوئی قیمتوں کا اثر عوام تک پہنچاتے ہوئے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا۔ پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 8 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 45 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔ اس ردوبدل کے بعد اب پیٹرول 331 روپے 95 پیسے جبکہ ڈیزل 389 روپے 93 پیسے فی لیٹر میں فروخت ہوگا۔ پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق یہ نئی قیمتیں منگل کے روز سے نافذ العمل ہیں۔ یاد رہے کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور بین الاقوامی مارکیٹ کے تناظر میں حکومت اس سے قبل ہفتہ وار بنیادوں پر قیمتیں طے کر رہی تھی۔ دوسری جانب پیٹرولیم وزیر علی پرویز ملک نے اعلان کیا تھا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں ہونے والی اتار چڑھاؤ کی وجہ سے اب ایندھن کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر طے کی جائیں گی، تاہم روزانہ قیمت مقرر کرنے کے اس فیصلے کو آل پاکستان ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے مسترد کر دیا گیا ہے اور انہوں نے احتجاجی لائحہ عمل پر غور کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ پیٹرول بنیادی طور پر نجی ٹرانسپورٹ، چھوٹی گاڑیوں، رکشوں اور موٹر سائیکلوں میں استعمال ہوتا ہے اور اس کی قیمت میں ہونے والی ہر تبدیلی متوسط اور نچلے متوسط طبقے کو براہ راست متاثر کرتی ہے۔ اسی طرح ڈیزل کی قیمتوں میں ردوبدل بھی عامتہ الناس پر اثر انداز ہوتی ہے کیونکہ یہ بھاری نقل و حمل کے شعبے، پاور پلانٹس اور بڑے جنریٹرز میں استعمال ہوتا ہے۔ پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل ملکی معیشت میں بڑے ریونیو جنریٹر کی حیثیت رکھتے ہیں جن کی ماہانہ فروخت سات سے آٹھ لاکھ ٹن تک ہوتی ہے۔